مقبوضہ کشمیر جھڑپ میں 3 بھارتی فوجی ہلاک 5 زخمی

ایک میجر سمیت 7 بھارتی فوجی زخمی ہوئے جن میں میجر کی حالت تشویشناک ہے، خبر ایجنسی


News Agencies February 15, 2017
بانڈی پورکے علاقے حاجن میں بھارتی فورسزسرچ آپریشن میں مصروف تھیں کہ ایک گھر سے فائرنگ ہو گئی۔ فوٹو؛فائل

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج اورمجاہدین کے درمیان جھڑپ میں 3 فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے، جھڑپ میں ایک مجاہد بھی شہید ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سری نگر کے ضلع بانڈی پورمیں بھارتی فوج اورمجاہدین کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ بھارتی فوج کے ترجمان راجیش کالیاکا کہنا ہے کہ بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس موقع پر اچانک ایک گھر میں روپوش مجاہدین نے فوجیوں پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں شدید جھڑپ ہوئی، اس دوران فوجیوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے جنھیں ملٹری اسپتال پہنچایا گیا جہاں پر3 بھارتی فوجی دم توڑ گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک مجاہد بھی مارا گیا ہے۔

دوسری جانب ایک اور بھارتی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اس جھڑپ میں فائرنگ کے تبادلہ کے دوران ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے۔ جھڑپ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ جھڑپ کے بعد علاقے میں ہڑتال کی گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے فوج کے خلاف مظاہرے کیے۔

ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں کارروائی کے دوران 2 نوجوانوں کو شہید کیا گیا جبکہ جھڑپوں میں 8 کشمیری زخمی ہوگئے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے 5 افراد کو چھرے والی بندوق سے نشانہ بنایا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ہلال احمد پرے نامی شہری بھی فوجی کارروائی کے دوران زخمی ہو گیا، حملے میںسی آر پی ایف کی 45ویں بٹالین کے کمانڈنٹ ، ایک میجر سمیت سات بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے، فوجی میجر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس سے قبل کشمیرکے جنوبی علاقے کولگام ضلعے میں جھڑپ کے دوران چار شدت پسندوں کے ساتھ دو فوجیوں اور دو شہریوں کی ہلاکت کے بعد بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے، مظاہرین کیخلاف فورسز کی کارروائی میں20 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے۔

ادھر حریت رہنما یاسین ملک نے ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں شہید نوجوانوں مدثر احمد تانترے، وکیل احمد ٹھاکر، فاروق احمد بٹ، محمد یونس لون ، عاشق احمد ریشی اور مشتاق احمد ایتو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض فوج، پولیس اور دیگربھارتی فورسز کشمیریوں کو شہید اور زخمی کرنے کے لیے گولیاں برسانے کی تاک میں رہتی ہیں اورجمہوری لبادے میں ملبوس ان کے ایجنٹ اس قتل و غارت کو جواز فراہم کررہے ہیں۔

علاوہ ازیں قابض بھارتی فورسز نے دختران ملت کی سربراہ نے گھر پر چھاپہ مارا جنرل سیکریٹری سمیت حراست میں لے کر رام باغ پولیس اسٹیشن پہنچا دیا دختران ملت نے پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریاں عمل میں لانے سے ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے پیدائشی حق سے دورنہیں رکھا جا سکتا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں