شرح منافع میں کمی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری 28 ارب روپے گھٹ گئی

کاروباری طبقے کے ساتھ عوام میں بھی بڑی مالیت کے انعامی بانڈزکا استعمال بڑھ رہا ہے،ذرائع


Kashif Hussain February 15, 2017
جولائی تا دسمبرسرمایہ کاری 141.5 ارب سے 113.5ارب رہ گئی۔ فوٹو: فائل

قومی بچت اسکیموں پر شرح منافع میں کمی کی وجہ سے نیشنل سیونگز اسکیمز میں سرمایہ کاری کا عوامی رجحان بھی کم ہورہا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران قومی بچت میں کی جانے والی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 27 ارب 92کروڑ 57لاکھ روپے کم رہی،گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر 2015) کے دوران قومی بچت اسکیموں میں مجموعی طورپر 141ارب 48کروڑ 55لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال (جولائی تا دسمبر2016) کے دوران 113ارب 55کروڑ 98لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے.

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھی، پرائز بانڈز اور متفرق اسکیموں میںسرمایہ کاری کم مگر صورتحال نسبتاً بہتر رہی جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ اور اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں غیرمعمولی کمی واقع ہوئی ہے، ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری 1ارب 6کروڑ 13لاکھ روپے کے مقابلے میں رواں مالی سال بڑھ کر 13ارب 37کروڑ 97لاکھ روپے رہی، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں گزشتہ مالی سال کے پہلے 6ماہ میں 5ارب 30کروڑ 76لاکھ روپے کے رقم نکلوائی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال کے دوران ریگولر انکم سرٹیفکیٹ سے رقوم نکلوانے کے رجحان میں مزید اضافہ ہوا ہے اور 13ارب 75کروڑ 86لاکھ روپے کی رقوم نکلوائی گئی، اسی طرح اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح میں کمی کی وجہ سے اس اسکیم سے بھی 7ارب 36کروڑ 73 لاکھ روپے کی رقم نکلوائی گئی ہے.

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس میں 4ارب 83کروڑ 60لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پرائز بانڈز میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی مالیت 60 ارب 73کروڑ 66لاکھ روپے رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران پرائز بانڈز میں 64 ارب 31کروڑ 48لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق بینکوں سے نقد رقوم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی کی وجہ سے بڑی مالیت کے پرائز بانڈز کا استعمال بڑھ رہا ہے اور کاروباری طبقے کے ساتھ عوام بھی 25ہزار اور 40ہزار روپے مالیت کے بانڈز کی شکل میں لین دین کررہے ہیں، اس رجحان کی وجہ سے پرائز بانڈز میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔

دوسری طرف اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران نیشنل سیونگز کی دیگر متفرق اسکیموں میں 60ارب 56کروڑ 93 لاکھ روپے کی سرمایہ کار کی گئی ہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں متفرق اسکیموں میں 76ارب 58 کروڑ 10 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اسپیشل سیونگز اسکیم پر شرح منافع اگست 2015میں 7.40فیصد تھی جو فروری 2017میں کم ہوکر 6 فیصد کی سطح پر آگئی ہے، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر شرح منافع اگست 2015میں 8.52 فیصد سالانہ تھی جو فروری 2017میں کم ہوکر 6.54فیصد کی سطح پر آگئی ہے، ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 9.15فیصد سے کم ہوکر 7.54فیصدکی سطح پر آگئی ہے اور بہبود انکم سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 11.04فیصد سالانہ سے کم ہوکر 9.36فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔