سڈنی ٹیسٹ شکست کے سیاہ بادل سری لنکن ٹیم پر منڈلانے لگے

سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے سری لنکا نے دوسری اننگز میں 225 رنز پر 7 وکٹیں گنوا دیں۔


AFP/Sports Desk January 06, 2013
سری لنکا کو آسٹریلیا کے خلاف 87 رنز کی برتری حاصل ہے۔ فوٹو : اے ایف پی

سڈنی ٹیسٹ میں بھی شکست کے سیاہ بادل سری لنکن ٹیم پر منڈلانے لگے، آسٹریلیا نے 3-0 سے سیریز فتح کا جشن منانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔

تیسرے دن کے ڈرامائی کھیل میں مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 225 رنز پر 7 وکٹیں گنوا دیں، اسے صرف 87 رنز کی سبقت حاصل ہے، قبل ازیں میزبان سائیڈ نے9 وکٹ پر 432 کا مجموعہ حاصل کرکے اننگز ڈیکلیئرڈ کی، یوں اسے138 رنز کی برتری ملی، ویڈ نے ناقابل شکست سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق میچ کے تیسرے دن دوسرے سیشن میں مہمان ٹیم نے عمدہ کم بیک کیا، گوکہ دلشان محض 5 رنز پر جانسن کا نشانہ بن گئے، مگر دیموتھ کرونارتنے اور کپتان مہیلا جے وردنے کے درمیان سنچری شراکت نے حریف بولرز کو پریشان کر دیا، چائے کے وقفے کے فوراً بعد جب مہمان ٹیم کا خسارہ محض6 رنز رہ گیا تھا کرونارتنے آئوٹ ہو گئے۔



جیکسن برڈ کی ریورس سوئنگ ہونی والی گیند بیٹ سے لگ کر وکٹوں کے عقب میں ویڈ کے پاس پہنچ گئی، چوتھا ٹیسٹ کھیلنے والے 24 سالہ بیٹسمین نے 85رنز بنائے، انھوں نے 109 گیندوں کا سامنا کیا اور10 چوکے و 1 چھکا لگایا، قبل ازیں کیریئر کی دوسری ففٹی مکمل کرنے کے بعد 54 رنز پر انھیں ایک چانس بھی ملا جب وکٹ کیپر ویڈ کیچ نہ تھام سکے تھے، مہمان ٹیم نے 93 رنز کے دوران 6 وکٹیں گنوائیں، تھریمانے 7، سماراویرا صفر، میتھیوز16، جے وردنے 60 اور دھمیکا پرساد15رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے ہسی نے لیون کی گیند پر سماراویرا کا کیچ تھام کر شائقین سے خاصی داد وصول کی۔

کھیل ختم ہونے کے وقت چندیمل (22) اور ہیراتھ (9) ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کیلیے کوشاں تھے۔ قبل ازیں ویڈ نے ناقابل شکست 102 رنز کی شاندار اننگز سے کینگروز کی پوزیشن مستحکم بنائی، انھوں نے ساتویں وکٹ کیلیے پیٹر سڈل (38) کیساتھ اسکور میں77 رنز کا اضافہ کیا، اسٹارک2 اور لیون 4رنز کے مہمان ثابت ہوئے،اس وقت ٹیم کا اسکور 393/9 تھا، 70پر ناٹ آئوٹ ویڈ نے برڈ کی شراکت میں 39 رنز جوڑ کر اپنی سنچری مکمل کی، وہ102 اور برڈ 6 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں