ایران کی کراچی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلیے دلچسپی

تہران کی طرز پر بس ریپڈ سسٹم کیلیے ایران نے تعاون کا یقین دلایا ہے،ایڈمنسٹریٹرکراچی.


Staff Reporter January 06, 2013
مشترکہ سرمایہ کاری نئے مواقع پیدا کرے گی،مہدی سبحانی کی محمد حسین سید سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

ایران نے کراچی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ڈیری پروڈکٹس، سلاٹرنگ اور انرجی سیکٹر سمیت دیگر میگا منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلیے گہری دلچسپی کا اظہارکیا ہے اور کراچی میں تہران کی طرز پر بس ریپڈ سسٹم میںاپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

یہ بات بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی سے اپنے دفترمیں ملاقات کے موقع پر کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید نے کہا کراچی بین الاقوامی شہر ہے اور یہاں مختلف شعبوں میں کام کرنے کے زیادہ مواقع موجود ہیں،کراچی میں انفرااسٹرکچر کو بہتربنانے کے کئی منصوبوں پر ایران کے تعاون سے کام کیا جاسکتا ہے کیونکہ شہر کی آبادی اور ضروریات میںبے انتہا اضافی کے باعث کراچی کو تیزی سے ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ تجارتی، اقتصادی، ثقافتی اور مختلف شعبوں کے ماہرین کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان ایران کی تیز رفتار ترقی اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے اور وہ قونصل جنرل کے توسط سے ایرانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو کراچی آنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ مشترکہ سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے نئے مواقع پیدا ہوں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ایران کے قونصل جنرل کو بتایا کہ گذشتہ سال مشہد کے میئر سید محمد پیظمان نے کراچی کا دورہ کیا تھا اور کراچی اور ایران کے شہر مشہدکو سسٹرسٹی قرار دئیے جانے کی مفاہمتی یادداشت سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔

 

07

ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ کراچی میں روزانہ10ہزار ٹن سے زائد کچرا پیدا ہوتا ہے اس کچرے کو اٹھانے اور اس میں سے ری سائیکلنگ کے ذریعے منافع بخش اشیاعلیحدہ کرنے کیلیے 8سے 10ہزار افراد غیر منظم انداز میں کام کررہے ہیں، انھوں نے بتایا ک جاپان اور چائناکہ سرمایہ کاروں سے ٹرانسپورٹ سسٹم سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، اس سال جائیکا کے تعاون سے سرکلر ریلوے کاآغاز ہوجائے گا، ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی نے اس موقع پر کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ ڈیری پروڈکٹس، میٹ سلاٹرنگ اورسالڈویسٹ مینجمنٹ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کا خواہش مند ہے۔

وہ ایرانی سرمایہ کاروں کو ترغیب دیں گے کہ وہ کراچی میں مختلف منصوبوں پر سرمایہ کاری کریں اور حکومت ایران کو بھی تجویز پیش کریں گے کہ کراچی میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں تاکہ دونوں ممالک کے مابین حکومتی اور عوامی سطح پر تعلقات میں مزید بہتری پیدا ہواور دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہو، قونصل جنرل نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو مشہد کے میئر کی جانب سے وہاں کے دورے کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی مناسب وقت پر مشہد کا دورہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں