لوٹ مار بڑھتی جارہی ہے قانون پر عمل کرواکر حکمرانوں کو سیدھے راستے پر لائیں گے جسٹس دوست محمد

تمام ادارے زنگ آلود ہوچکے، عدلیہ واحد ادارہ ہے جس پر پوری قوم کی نظریں مرکوز ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔

دیگر آئینی ادارے بھی اپنا قبلہ درست کریں، جب تک امیر، غریب کیلیے قانون برابر نہیں ہوتا بحران بڑھتے جائینگے، اہلکاروں سے خطاب. فوٹو: فائل

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن اور اقرباپروری کی وجہ سے صورتحال خطرناک ہو چکی ہے۔

عدلیہ کے علاوہ ریاست کے تمام ادارے زنگ آلود ہوچکے ہیں، پشاور ہائیکورٹ کے ملازمین سے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ عدلیہ کو مادر وطن سے زیادہ کوئی عزیز نہیں، قانون پر عملدرآمد کروا کر حکمرانوں کو سیدھے راستے پر لائیں گے، کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملک بحرانوں میں گھرا ہوا ہے۔




عدلیہ واحد ادارہ ہے جس پر پوری قوم کی نظریں مرکوز ہیں، عوام کے اعتماد پرپورا اتریں گے اور ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے تاہم دیگر آئینی اور قانونی اداروں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں کیونکہ ملک میں کرپشن، اقرباپروری، اداروں کی سست روی اوران کے کام نہ کرنے کی عادت، سفارش پر بھرتیاں، قومی دولت کا ضیاع اور لوٹ مار کا سلسلہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔

عدلیہ اپنے طور پر بہت کچھ کر رہی ہے لیکن اداروں کو بھی اپنی اصلاح کرنا ہو گی، ریاست کے تمام ادارے زنگ آلود ہوجائیں تو ایک ادارے پراس کا بوجھ ناقابل برداشت ہوجاتا ہے لیکن جب تک ملک میں امیر و غریب کیلیے قانون یکساں نہیں ہوتا بحران اسی طرح بڑھتے جائیں گے، رواں ماہ کے اختتام پر ریڈیو کاآغاز کردیا جائے گا جس سے عوام کو انصاف کی جلد فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔
Load Next Story