پیپلز پارٹی نگراں حکومت کے قیام پر گول میز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

آئندہ انتخابات پر بلائی جانے والی کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، ذرائع


Staff Reporter January 06, 2013
تمام سیاسی رہنماؤں نے حکومت کو جمہوریت کی مضبوطی کیلیے ساتھ دینے کا یقین دلادیا، وزیراعظم اور را بطوں کیلیے قائم کمیٹی ارکان کو بھی سیاستدانوں سے رابطے میں رہنے کی ہدایت۔ فوٹو : فائل

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ملک میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پر ایک گول میز کانفرنس بھی بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس کانفرنس میں شرکت کے لیے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوںکو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ یہ گول میز کانفرنس رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں منعقد ہوگی ۔اس کانفرنس میں پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات اور نگراں حکومت کے قیام کے لیے ان جماعتوں سے حتمی مشاورت کرے گی۔پیپلز پارٹی کے اعلیٰ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک میں آئندہ انتخابات مئی کے پہلے ہفتہ میں منعقد کرائے جانے غور شروع کردیا ہے، تاہم انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان سیاسی و اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد صدر آصف علی زرداری کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ملک میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے 14 جنوری کو اسلام آباد میں لانگ مارچ کے اعلان کے بعد حکومت نے تمام اتحادی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے رابطے شروع کردئیے ہیں۔ اتحادی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لیے صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے انکی سربراہی میں ایک 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، جس میں وفاقی وزراء خورشید شاہ، مخدوم امین فہیم، رحمان ملک اور سینیٹر جہانگیر بدر شامل ہیں۔

10

ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر وزیر اعظم نے گذشتہ روز مسلم لیگ (ن)، مسلم لیگ (ق)، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں سے رابطے کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان رابطوں میں طاہر القادری کے لانگ مارچ، آئندہ نگراں حکومت کے قیام، عام انتخابات اور ملک کی موجودہ صورتحال پر وزیر اعظم نے نواز شریف، اسفندر یار ولی خان، چوہدری شجاعت، پرویز الہٰی اور محمود خان اچکزئی سے تفصیلی بات چیت کی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ان سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے ہونے والی مشاورت سے صدر مملکت آصف علی زرداری کو آگاہ کردیا ہے اور جلد وزیر اعظم ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سے ٹیلی فونک رابطہ اور ملاقاتیں کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے جن جماعتوں سے رابطہ کیا ہے ان جماعتوں کے قائدین نے حکومت کو یقین دہانی کرادی ہے کہ وہ جمہوریت کی بقاء اور مضبوطی کے لیے حکومت کے ساتھ ہیں اور کسی کو بھی جمہوریت کو غیر مستحکم کرنیکی اجازت نہیں دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف میں اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ وفاق اور چاروں صوبوں میں تمام سیاسی قوتوں سے مشاورت کے بعد نگراں حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیر اعظم کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملکی سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ کے حوالے سے اتحادی اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے میں رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں