پاکستان میں حالیہ دہشت گردی پر افغان صدر اشرف غنی سے احتجاج کا فیصلہ

حکومت نے دہشت گرد تنظیموں کیخلاف آپریشن کیلیے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کر دی


عامر خان February 17, 2017
پاکستان امریکا اور افغانستان کو حالیہ دہشت گردی میں ملوث گروپس کے ثبوت فراہم کرے گا۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے افغان حکومت کی جانب سے اس کی سرزمین پر موجود پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث گروپس اور تنظیموں کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے کا معاملہ نئی امریکی حکومت اورافغان صدر اشرف غنی کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان امریکا اور افغانستان کو حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث گروپس کے ثبوت فراہم کرے گا جبکہ پاکستان کا واضح موقف ہوگا کہ جیسا تعاون دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پاکستان کررہا ہے اسی طرح کا تعاون افٖغان حکومت بھی کرے۔

اس ضمن مں پاکستان افغان حکومت کی جانب سے تعاون نہ کرنے کی صورت میں اس سے اپنا آئندہ کیلیے تمام امور پر موثر تعاون دہشت گرد گروپس اور تنظیموں کے خلاف موثر کارروائی سے مشروط کرسکتا ہے تاہم اس حکمت عملی کو مشاورت کے بعد آخری آپشن کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حالیہ واقعات میں ملوث افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے ایما پر پاکستان میں امن وامان خراب کرنے میں ملوث گروپس کا ریاستی طاقت کے ذریعے خاتمہ کرنے کیلیے سیکیورٹی اداروں کو سخت اور بے رحم آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں