فکسنگ اسکینڈل کے بعد کرکٹرز حد سے زیادہ محتاط

سیلفیزاور آٹوگراف کے خواہشمند پرستاروں کی امیدیں حسرت میں بدلنے لگیں


Sports Desk February 17, 2017
غیر ملکی کھلاڑی بھی پہلے کی طرح پرستاروں کا خوش دلی سے استقبال کرتے نظر نہیں آتے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد پی ایس ایل میں شریک کرکٹرز حد سے زیادہ محتاط ہوگئے، سیلفیز بنوانے اور آٹوگراف لینے کے خواہشمند پرستاروں کی امیدیں حسرت میں بدلنے لگیں۔

پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں ہی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آ گیا تھا جس کے بعد الزامات کی زد میں آنے والے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرکے وطن واپس روانہ کرنے کے بعد فرنچائزز کی مینجمنٹ اور کرکٹرز نے اس ناخوشگوار واقعے کا گہرا اثر لیا ہے۔

واضح رہے کہ دبئی میں 6 میچز کے بعد ٹیمیں شارجہ میں ڈیرے ڈال چکیں لیکن اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے منحوس سائے اب بھی فضا پر چھائے نظر آتے ہیں تاہم ہوٹل میں خفیہ اداروں کے لوگ سادہ لباس میں تعینات ہیں جبکہ پاکستانی کرکٹرز کی لابیز میں آمدورفت نہ ہونے کے برابر ہے۔

سیلفی کے خواہشمند نوجوان سے ایک کھلاڑی نے ازراہ مذاق کہا کہ کہیں تم بکی تو نہیں ہو، غیر ملکی کھلاڑی بھی پہلے کی طرح پرستاروں کا خوش دلی سے استقبال کرتے نظر نہیں آتے۔ کیون پیٹرسن اور برینڈن میک کولم خاص توجہ کا مرکز تھے، کئی نوجوان ان کے ساتھ تصاویر بنوانے اور آٹو گراف لینے کے خواہشمند تھے لیکن اب اہوں نے منع کردیا۔

دوسری جانب فرنچائز مالکان لاہور میں فائنل کے بارے میں یقینی طور پر کچھ کہنے سے گریز کررہے ہیں، البتہ پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی غیر ملکی کرکٹرز کی شمولیت ممکن بنانے کیلیے سرگرم ہیں تاہم چند کھلاڑیوں کے انکار کی صورت میں متبادل پول تیار کرنے کیلیے نیا ڈرافٹ 22فروری کو کرایا جائے گا جس کے بعد ممکنہ کرکٹرز اور ان کی جانب سے معاوضے دونوں کو خیال میں رکھتے ہوئے فیصلے ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں