گیل نے مصباح ویونس کو ینگسٹرز کیلیے مثال قرار دیدیا

پی ایس ایل کے دوران ایکشن میں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ڈھلتی عمر نے دونوں کھلاڑیوں پر اثر نہیں کیا، کرس گیل


Sports Desk February 17, 2017
آئی پی ایل بھی راتوں رات مقبولیت کی منزلیں نہیں طے کرگئی تھی، گیل۔ فوٹو: فائل

کرس گیل نے سپر فٹ مصباح الحق اور یونس خان کونوجوان کرکٹرز کیلیے مثال قرار دیدیا۔

جارح مزاج کیریبیئن بیٹسمین کا کہنا ہے کہ جسم ساتھ دے تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی، 37 سال کا ہو چکا مگر مزید کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں تاہم الوداعی ٹیسٹ کھیلنے کی خواہش ہے، پاکستان سپر لیگ کو عروج تک لانے کیلیے وقت دینا ہوگا۔

ایک انٹرویو میں کرس گیل نے مصباح الحق کی فٹنس کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہاکہ سینئر بیٹسمین اب بھی جوان اور تازہ دم ہیں، پی ایس ایل کے دوران ایکشن میں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ڈھلتی عمر نے ان پر اثر نہیں کیا، یونس خان بھی سپر فٹ ہیں، یہ دونوں اسٹارز نوجوان کرکٹرز اور میرے لیے بھی ایک مثال ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شرجیل خان اور خالد لطیف کو ڈیمانڈ نوٹس جاری

جارح مزاج کیریبیئن بیٹسمین نے کہاکہ جسم ساتھ دے تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی،میں خود بھی 37سال کا ہو چکا اور مزید کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں،کوشش کروں گا کہ 2برس تک مزید میدانوں میں نظر آؤں، الوداعی ٹیسٹ میچ کھیلنے کی خواہش ہے تاہم لیگز میں پرستاروں کو تفریح فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہوں۔

کرس گیل نے پاکستان سپر لیگ کو ایک اچھی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی دوسرا ایڈیشن ہے، اس طرح کے ایونٹ بڑے اسٹارز سے مزین ہوں تو شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، ٹی وی رائٹس کے ذریعے آمدنی بھی بڑھتی ہے، پی ایس ایل درست سمت میں گامزن ہے لیکن اس کو عروج تک لانے کیلیے وقت دینا ہوگا جب کہ آئی پی ایل بھی راتوں رات مقبولیت کی منزلیں نہیں طے کرگئی تھی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 7 رنز سے شکست دے دی

کیریبیئن بیٹسمین نے کہا کہ بعض حلقوں کی تنقید کے باوجود ٹی 20 کرکٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، کئی بڑے نام اسی فارمیٹ کی بدولت نظروں میں آنے کے بعد اب انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں