دہشتگرد سرحد پار سے آرہے ہیں ہمارے کچھ لوگ بکے ہوتے ہیں سیکریٹری دفاع

ہماری صلاحیت کو جانچنے کیلیے پشاور ایئربیس پرحملہ کیا گیا،دہشت گردوں کو پشاورایئرپورٹ سے دورروک کرحملے کو ناکام بنادیا

قومی ایئرلائن کو بحران سے نکالنے کیلیے منصوبے پر مرحلہ وار عمل کررہے ہیں، رواں سال اپریل تک 5 طیارے لیز پر لیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے ہماری صلاحیت کو جانچنے کیلیے پشاور ایئربیس پر حملہ کیا دہشت گردوں کو پشاورایئرپورٹ سے دور روک کر حملے کو ناکام بنادیا۔

دہشت گرد سرحد پار سے آ رہے ہیں، ہمارے کچھ لوگ بکے ہوئے ہیں، دہشت گردوں سے مقابلے کیلیے ملکی سرحدوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے،قومی ایئرلائن کو بحران سے نکالنے کیلیے منصوبے پر مرحلہ وار عمل کررہے ہیں،ایئرپورٹس کی حفاظت کیلیے جدید آلات اور ہتھیاروں کی خریداری کی منظوری وزیراعظم جلد دیں گے۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع جنرل نے کہا کہ قومی ایئرلائن میں طیاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلیے رواں سال اپریل تک 5 طیارے لیز پر لیے جائیں گے۔




انھوں نے کہا کہ 2014 تک افغانستان سے تعلقات مزید بہتر ہوجائیں گے۔ دریں اثنا یہاں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس ایف )کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے سیکریٹری دفاع نے کہا کہ پشاور ایئرپورٹ پر حملے کے بعد ملک کے تمام ایئرپورٹس پر سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے ۔ ایئرلائن کو جدیدسہولیات سے آراستہ کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ پاسنگ آئوٹ پریڈ میں کامیاب ہونے والے اہلکاروں نے دہشتگردی کے واقعات سے نمٹنے کیلیے خصوصی تربیت کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔
Load Next Story