دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں امریکا کی پاکستان کومعاونت کی پیشکش

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ فوٹو: فائل

امریکا نےسانحہ سیہون شریف کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا اور ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ اور جنوبی ایشیائی خطے میں امن و استحکام کے لئے پرعزم ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملہ، 75 افراد شہید


اس کے علاوہ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے سیہون دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی محترم اور قابل احترام مقام پر دہشت گردی کے حملے سے دھچکا لگا، دہشت گردوں کی مقدس مقامات اور پرامن عبادت گاہوں پر کارروائیاں شرمناک اور ظالمانہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لانے کے لئے حکومت پاکستان کو تعاون کی پیشکش کرتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قوم کے خون کے ایک ایک قطرے کا فوری بدلہ لیں گے

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیہون شریف خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور عوام سے گہرے افسوس کا اظہارکیا ہے، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مذموم کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
Load Next Story