راولپنڈی اسلام آباد میں حساس تنصیبات کاکنٹرول پاک فوج نےسنبھال لیا

داخلی وخارجی راستوں، مساجد، عوامی مقامات اور اہم شاہراہوں پر پولیس، رینجرزاورمسلح افواج کے اہلکار تعینات ہیں

پرہجوم مساجد کے باہر ایلیٹ کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے: فوٹو: فائل

گزشتہ چند روز کے دوران دہشتگردی کے حالیہ واقعات اور جمعۃ المبارک کے باعث ملک بھرمیں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جب کہ جڑواں شہروں میں حساس عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مزید واقعات کا خدشہ ظاہرکیا ہے جس کے تحت ملک بھرمیں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

راولپنڈی اوراسلام آباد میں پاک فوج نے بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور اڈیالہ جیل سمیت متعدد اہم حساس عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، اس کے علاوہ شہرکے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں ، مساجد، عوامی مقامات اور بازاروں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے گشت بڑھا دیا ہے۔ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لئے انٹیلی جنس نظام مزید متحرک کردیا گیا ہے، اسپیشل برانچ اورسی آئی ڈی اہلکاروں کوشہر میں پھیل جانے کا حکم دے دیا گیا ، اس کے علاوہ پولیس تھانوں کے ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں کے گیسٹ ہاؤسز، مدارس اور مذہبی مقامات کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے انٹیلی جنس اہلکاروں کی اطلاع پر فوری کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔


اس خبرکو بھی پڑھیں: حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں ناکام ہوگئی

کراچی میں عبداللہ شاہ غازی اور عالم شاہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ سمیت شہر کے دیگر پر ہجوم مزارات کے علاوہ مزار قائد اور آرٹس کونسل کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مساجد، امام بارگاہوں اور اہم شاہراہوں پر پولیس، رینجرز اورمسلح افواج کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔

دوسری جانب لاہور، کوئٹہ، پشاور، حیدر آباد، سکھر، نواب شاہ ، ملتان، رحیم یار خان ، مظفر آباد، کوہاٹ ، چارسدہ، چمن اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی سیکیورٹی کو انتہائی ہائی الرٹ کردیا ہے جب کہ پاک افغان سرحدوں پر دوسرے روز بھی تجارتی اور عوامی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد ہے اورکسی بھی افغان شہری کوپاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں۔
Load Next Story