تمغوں کی برسات شروع پہلا گولڈ میڈل چین کے سینے پر سج گیا

یی سلنگ نے 10 میٹر ایئر رائفل اور ویمنز 48 کے جی ویٹ لفٹنگ میں بھی چینی وانگ منگ جوآن چیمپئن بن گئیں

چین کی یی سلنگ 10 میٹر ایئر رائفل ویمنز فائنل میں فتح کے بعد گولڈ میڈل و گلدستہ تھامے مسکرا رہی ہیں (فوٹو ایکسپریس)

لندن گیمز میں تمغوں کی برسات شروع ہوگئی، پہلا گولڈ میڈل چین کے سینے پر سج گیا، یی سلنگ نے 10 میٹر ایئررائفل میں درست نشانہ باندھ کر میڈلز ٹیبل پر چائنا کا کھاتہ کھولا، ویمنز 48 کے جی ویٹ لفٹنگ میں بھی چینی وانگ منگ جوآن چیمپئن بن گئیں، جنوبی کوریائی شارپ شوٹر نے 10 میٹر ایئر پسٹل ٹائٹل اپنے نام کرلیا، مینز 60 کلوگرام جوڈو فائنل میں روس کے ایرسین نے جاپانی ہیروکی ہیروکا کو خاک چٹا دی،

سارہ مینیزیس نے برازیل کو ویمنز 48 کلوگرام جوڈو میں تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل جتوایا، قازقستان کے الیگزینڈر ونکوروف مینز روڈ سائیکلنگ میں طلائی تمغہ پاکر ریٹائر ہوگئے، مینز ٹیم تیراندازی میں اٹلی نے امریکا کو فائنل میں صرف ایک پوائنٹ سے پچھاڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق لندن اولمپکس میں تمغوں کی دوڑ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، ابتدائی روز مختلف کھیلوں میں کئی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔

چین کی ورلڈ نمبر ون یی سلنگ نے ویمنز 10 میٹر ایئر رائفل مقابلہ جیت کر لندن اولمپکس کا پہلا گولڈ میڈل اپنے گلے کی زینت بنایا، انھوں نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں پولینڈ کی سلویا بوگاکا کو مات دی جو سلور میڈل کی حقدار ٹھہریں جبکہ برانز میڈل بھی چین کی یو ڈین کے نام رہا، یی سلنگ میونخ میں 2010 کی ورلڈ چیمپئن شپ بھی جیت چکی ہیں،انھوں نے مجموعی طور پر 502.9 پوائنٹس حاصل کیے اس طرح ان کو بوگاکا پر 0.7 کی برتری حاصل رہی،

دفاعی اولمپک چیمپئن جمہوریہ چیک کی کیٹرینا ایمونز چوتھے نمبر پر رہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ کوالیفائنگ رائونڈ میں بوگاکا ٹاپ جبکہ یی سلنگ دوسرے نمبر پر تھیں، مگر فیصلہ کن مرحلے میں سلنگ نے اپنے اعصاب قابو میں رکھے سونے کا تمغہ پانے میں کامیاب رہیں۔ ویمنز 48 کے جی ویٹ لفٹنگ میں چینی چار مرتبہ کی ورلڈ چیمپئن وانگ منگ جوآن نے سونے کا تمغہ حاصل کیا، جاپان کی میاکی ہیرومی نے سلور اور شمالی کوریا کی ریانگ چن ہوا نے کانسی کا تمغہ جیتا، اس کیٹیگری میں بھارت کی سونیا چنو ساتویں نمبر پر رہیں۔ جنوبی کوریا کے شارپ شوٹر جین جونگ او نے مینز 10 میٹر ایئرپسٹل میں گولڈ میڈل حاصل کیا،

فائنل میں جراتمندانہ کوششوں سے ان کے قریب پہنچنے والے اٹلی کے لوکا ٹیسکونی کو 2.4 پوائنٹس پیچھے رہنے کی وجہ سے سلورمیڈل پراکتفا کرنا پڑا، سربیا کے ایندریجا زلیٹک برانز میڈل کے حقدار قرار پائے، چین کے دفاعی اولمپک چیمپئن پانگ وی بیجنگ اولمپک جیسی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے میں ناکام رہے۔ مینز 60 کلوگرام جوڈو میں روس کے ایرسین گالسٹین نے اپ سیٹ کرتے ہوئے ٹاپ 2 سیڈنگ پلیئرز کو چت کرتے ہوئے سونے کے تمغے پر قبضہ جمایا،


4 سیڈ گالسٹین نے فائنل میں جاپان سے تعلق رکھنے والے سیکنڈ سیڈ ہیروکی ہیروکا کو صرف 40 سیکنڈ میں خاک چاٹنے پر مجبور کردیا، اس سے قبل انھوں نے سیمی فائنل میں ورلڈ چیمپئن رشود سوبروف کو شکست سے دوچار کیا تاہم رشود نے بعد میں فرانس کے سوفیانے ملوئس کو مات دے کر برانز میڈل اپنے نام کیا۔ سارہ مینیزیس نے برازیل کو ویمنز 48 کلوگرام جوڈو میں تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل جتوایا،

سیکنڈ سیڈ سارہ نے فائنل میں رومانیہ سے تعلق رکھنے والی چیمپئن الینا ڈیمرٹریو کو زیر کیا، اسی ایونٹ کے ایک کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کی کارلینی وان سنک کے ایک دائو کا توڑ کرنے کی کوشش میں دم گھٹنے سے بیہوش ہونے والی ہنگری کی فائٹر ایوا سیرنووکزی نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے دوسرے کوارٹر فائنل میں برانز میڈل جیت کر سب کو حیران کردیا، بے سدھ دیکھ کر ریفری مقابلہ وان سنک کے نام کرنے کے بعد ہاتھ پائوں پر مالش کرکے ایوا کو ہوش میں لائے،

انھیں فائٹ کا ایک اور موقع دیا گیا جس میں انھوں نے چین کی وو شوگین کو شکست دی اور پھر ورلڈ نمبر ون ٹوموکو فوکومی کو بھی زیر کرلیا۔ مینز روڈ سائیکلنگ ریس میں قازقستان کے الیگزینڈر ونکوروف نے مضبوط برطانوی ٹیم کو پیچھے چھوڑ کر گولڈ میڈل جیت لیا، اولمپک چیمپئن بننے کے ساتھ ہی انھوں نے اسپورٹس سے ریٹائرمنٹ بھی لے لی،

کولمبیا کے ریگوبیرٹو نے سلور اور ناروے کے الیگزینڈر کرسٹوف نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ گذشتہ دنوں ٹور ڈی فرانس میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے برطانیہ کے سائیکلسٹ کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا خاص طور پر مارک کیوینڈش سے توقع تھی کہ وہ پہلے ہی روز اولمپکس کے میزبان کو پہلے گولڈ میڈل کی خوشی سے ہمکنار کردیں گے مگر ان سمیت کسی بھی برطانوی سائیکلسٹ نے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کیا۔

مینز ٹیم تیراندازی میں اٹلی کی ٹیم نے امریکا کو فائنل میں صرف ایک پوائنٹ سے شکست دے کر سونے کے تمغے پر قبضہ کرلیا، جمعے کو ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے والی جنوبی کوریا کی ٹیم میکسیکو کو زیر کرکے برانز میڈل پر ہی حق جتوا پائی۔

Recommended Stories

Load Next Story