35سوئمرز میں پاکستانی انعم بانڈے کا سب سے آخری نمبر

ہیٹس میں5 منٹ سے زائد وقت میں مقررہ فاصلہ طے کرنیوالی واحد تیراک...

ہیٹس میں5 منٹ سے زائد وقت میں مقررہ فاصلہ طے کرنیوالی واحد تیراک ثابت ہوئیں. فوٹو رائٹرز

لندن گیمز میں پاکستانی خاتون تیراک انعم بانڈے کا اولمپکس سفر ہیٹ مقابلوں ہی میں ختم ہوگیا،وہ مجموعی طور پر کوالیفائنگ مقابلوں کی فاتح امریکی تیراک بیزل الزبتھ سے ایک منٹ 2 سیکنڈز پیچھے رہیں، تفصیلات کے مطابق انعم بانڈے نے ہفتے کو 400 میٹر انفرادی میڈلے ہیٹس میں حصہ لیا اور کوالیفائنگ مقابلوں میں شریک 35 تیراکوں میں آخری نمبر پر رہیں۔


انھوں نے مقررہ فاصلہ 5 منٹ اور 34.64سیکنڈز میں طے کیا، وہ ہیٹ میں چوتھے اور آخری نمبر پر آئیں تاہم انھوں نے اپنا قومی ریکارڈ بہتر بنالیا جو قبل ازیں 5 منٹ اور 37.11 سیکنڈز تھا۔انعم 400 میٹر میڈل مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں فاصلہ 5 منٹ سے زائد وقت میں طے کرنے والی واحد تیراک تھیں۔ وہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی تیسری خاتون تیراک بنیں۔ ان سے قبل رباب رضا 2004 کے ایتھنز اور کرن خان 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں حصہ لے چکی ہیں۔

میگا ایونٹ میں جگہ بنانے والی تینوں پاکستانی سوئمرز وائلڈ کارڈ انٹریز تھیں۔ لندن اولمپکس میں پاکستان کے ایک مرد تیراک اسرار حسین بھی حصہ لے رہے ہیں۔ وہ 31 جولائی کو100 میٹر فری اسٹائل ہیٹ مقابلوں میں شریک ہوں گے۔پاکستانی عوام کی نظریں پیر کو اسکیٹ رائفل شوٹر خرم انعام پر ہوں گی۔

Recommended Stories

Load Next Story