لندن اولمپکس میں شریک کئی ایتھلیٹس توہم پرست نکلے

اسٹار سوئمر مائیکل فلپس پانی میں اترنے سے قبل تین مرتبہ بازو گھمانا نہیں بھولتے


Sports Desk July 29, 2012
اسٹار سوئمر مائیکل فلپس پانی میں اترنے سے قبل تین مرتبہ بازو گھمانا نہیں بھولتے فائل فوٹو

لندن اولمپکس میں شریک کئی ایتھلیٹس توہم پرست نکلے، اسٹار سوئمر مائیکل فلپس پانی میں اترنے سے قبل تین مرتبہ بازو گھمانا نہیں بھولتے، سرینا ولیمز اپنے شاور سینڈل کورٹ میں لے آتی ہیں، انگلش خواتین فٹبالرزبھی مختلف عادات کی شکار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوںاور توہم پرستی میں پرانا تعلق ہے،

لندن گیمز میں بھی کئی ایتھلیٹس توہم پرست ہیں، انھیں یہ خوف سوار رہتا ہے کہ اگر اپنی مخصوص عادات کو ترک کریں گے تو کامیابی حاصل نہیں کرپائیں گے۔ سب سے بڑی مثال مائیکل فلپس کی ہے جنھوں نے ہفتے سے میڈلز مہم کا آغاز کیا، جب وہ مقابلے کیلیے تیار ہوتے ہیں تو اسٹارٹنگ پوائنٹ کی جانب چلتے ہوئے اپنا ہیڈ فون اتارتے، تین مرتبہ بازوئوں کو گھماتے اور پھر بلاک پر چڑھ کر چھلانگ لگادیتے ہیں،

ان کی یہ عادت کئی برسوں سے جاری ہے، اسی طرح ہفتے سے ہی ٹینس ایونٹ میں اپنا سفر شروع کرنے والی سرینا ولیمز ہمیشہ اپنے شاور سینڈل کورٹ میں ساتھ لاتی ہیں، جوتے کے تسمے ایک ہی انداز سے باندھتی اور کھیل شروع کرنے سے قبل گیند کو پانچ مرتبہ بائونس کرتی ہیں۔ اسی طرح انگلش ویمنز فٹبال ٹیم کی کھلاڑی بھی مختلف عادات کی شکار ہیں، کیلی اسمتھ اپنے بوٹ سب سے آخر میں رکھتی اور آخر میں ہی ڈریسنگ روم سے باہر آتی ہیں، کم لٹل ہمیشہ اپنی جرابیں پہنے رہتی ہیں۔

بیجنگ اولمپک میں تین گولڈ میڈلز جیتنے والی آسٹریلوی سوئمر اسٹیفنی رائس کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ 8 مرتبہ بازو گھماتی ہوں،4مرتبہ چشمے کو چہرے پر دباتی اور اتنی ہی مرتبہ کیپ کو چھوتی ہوں یہی میرا ہمیشہ سے معمول ہے۔معروف گالفر ٹائیگر ووڈ ٹورنامنٹس کے آخری رائونڈز میں ہمیشہ سرخ شرٹ پہنتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میری والدہ کہتی تھیں کہ سرخ تمہاری طاقت کا رنگ ہے۔ برطانوی ڈائیور ٹام ڈیلے اپنے ساتھ ایک اورنج بندر والی کی چین رکھتے ہیں، برطانیہ ہی کی سائیکلسٹ شانزے ریڈی اپنے ساتھ فیملی کی فوٹو رکھتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں