حکومت پر الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو صورتحال قوم کے سامنے رکھ دوں گا چوہدری نثار

حضرو، اٹک اور ٹیکسلا سے لاہور دھماکے میں ملوث مزید 3 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، چوہدری نثار


ویب ڈیسک February 18, 2017
سیہون دھماکے کی تحقیقات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، چوہدری نثارفوٹو : فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر ایک سیاسی جماعت نے وفاقی حکومت پر بے سرو پا الزامات کا سلسلہ جاری رکھا تو چند روز میں ساری صورتحال قوم کے سامنے رکھوں گا۔



اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ روز سیہون کے دورے کے دوران انہوں نے سیکیورٹی کے جو حالات دیکھے وہ ان کا اظہار نہیں کرنا چاہتے کیونکہ اس معاملے پر سیاست کرنا پوری قوم اور اس مشن سے زیادتی ہوگی لیکن ایک سیاسی جماعت کے مذموم اور یک طرفہ پراپیگنڈے کی وضاحت ضروری ہے۔ وزیرِ داخلہ کی حیثیت سے انہوں نے ہمیشہ اس اصول پر سختی سے عمل کیا ہے کہ دہشت گردی کے کسی واقعے کو بنیاد بنا کر نہ تو سیاست کی جائے اور نہ کسی پر الزام تراشی کی جائے لیکن ایک سیاسی جماعت کے چند اکابرین نے انتہائی شرمناک انداز سے وفاقی حکومت پر الزام تراشی کی ہے، وہ اپنی مجرمانہ نااہلی چھپانے کے لئے اس افسوس ناک واقعے پر سیاست پر اتر آئے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے، ان لوگوں کو اگر شرمندگی نہیں تو کچھ خدا کا خوف ضرور ہونا چاہیے۔ اگر ان کی جانب سے بے سرو پا الزامات کا سلسلہ جاری رہا تو آئندہ چند روز میں ساری صورتحال قوم کے سامنے رکھوں گا۔



چوہدری نثار نے کہا کہ سیہون دھماکے کی تحقیقات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے، لاہور دھماکے میں ملوث مزید سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، یہ سہولت کار حضرو، اٹک اور ٹیکسلا سے گرفتار کئے گئے ہیں۔



وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد قوم نے جس عزم اورحوصلے کا مظاہرہ کیا تھا آج بھی ہمیں اسی اتفاق اور یک جہتی کی ضرورت ہے، گزشتہ چند روز میں دہشت گردی کے مختلف واقعات باعث تشویش ہیں، ملک میں بہتر ہوتے امن کو منظم انداز میں نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، دہشت گردی میں غیرملکی طاقتیں اور ان کی انٹیلی جنس ایجنسیاں ملوث ہیں، گزشتہ روز اجلاس میں سول وفوجی قیادت نےدہشت گردی کے خلاف متفقہ اورمضبوط عزم کا اظہارکیا ہے، اجلاس میں ملکی سلامتی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں، پاکستان کی سلامتی یقینی بنانے کے لئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا، دہشت گردی کی موجودہ لہر کو آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا، معصوم جانوں کو نشانہ بنانے والوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور اس میں کسی مصلحت کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں