آپریشن ضرب عضب کو پنجاب اور اندرون سندھ تک پھیلایا جائے فاروق ستار

محض فوجی عدالتوں كے قیام سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلكہ ایك نیا قومی بیانیہ تشكیل دینا ہوگا، سربراہ ایم کیوایم پاکستان


ویب ڈیسک February 18, 2017
محض فوجی عدالتوں كے قیام سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلكہ ایك نیا قومی بیانیہ تشكیل دینا ہوگا، سربراہ ایم کیوایم پاکستان، فوٹو؛ فائل

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے اب وقت آچكا ہے كہ آپریشن ضرب عضب كا دائرہ پنجاب اور اندرون سندھ تك وسیع كیا جائے کیونکہ محض فوجی عدالتوں كے قیام سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

ایم کیوایم پاکستان کے زیر اہتمام عارضی مرکز پی آئی بی کالونی میں ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی دہشتگردی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ تواتر كے ساتھ ہونے والے دہشت گرد حملوں كی وجہ سے قوم شدید اذیت میں مبتلا ہے، ایك بار پھر پورا ملك دہشت گردی كی لپیٹ میں ہے، سیہون شریف سمیت ملك بھر میں ہونے والے حملے قوم کے لیے باعث تشویش ہیں، ان حملوں نے سب كو جھنجوڑ ڈالا ہے اور اس پر ہر آنكھ اشكبار ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے كہا ہم سمجھتے ہیں كہ اب وہ وقت آگیا ہے كہ جب حملوں كی مذمت سے آگے عملی كام ہونا چاہیے، نیشنل ایكشن پلان اور ضرب عضب كے باوجود تواتر كے ساتھ ہونے والے حملوں كے بعد ہمیں دیكھنا ہوگا كہ نیشنل ایكشن پلان كی عملداری میں ہم سے كہاں كہاں كوتاہیاں ہوئیں ہیں، ان حملوں كے بعد صوبوں اور وفاق دونوں كی جانب سے یكساں غیرذمہ داری كا مظاہرہ كیا گیا ہے۔

متحدہ پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب وقت آچكا ہے كہ آپریشن ضرب عضب كا دائرہ پنجاب اور اندرون سندھ تك وسیع كیا جائے، محض فوجی عدالتوں كے قیام سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلكہ سركاری و قومی سرپرستی میں ایك نیا قومی بیانیہ تشكیل دینا ہوگا۔ انہوں نے كہا كہ اب ہمیں نہ صرف دہشت گردوں بلكہ ان كے سہولت كاروں اور كفر كے فتوے دینے والوں كے خلاف بھی بھرپور ایكشن لینا ہوگا، شہریوں كی جان و مال كی حفاظت كی ذمہ دارای ریاست كی ہے لیكن ریاستی اداروں كی جانب سے محض نوٹس بھیج دیئے جاتے ہیں، كیا عوام خود ریاست بن جائے اور اپنی حفاظت كرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔