مصباح نے مسلسل شکستیں اور خراب فارم نظرانداز کردی

ریٹائرمنٹ کا کوئی اعلان متوقع نہیں، دورئہ ویسٹ انڈیز کیلیے پر تولنے لگے


Sports Desk February 19, 2017
کپتان کی بہت زیادہ خدمات ہیں، باوقار انداز میں رخصت کرنا چاہیے، مکی آرتھر۔ فوٹو : فائل

مصباح الحق نے مسلسل شکستوں اورخراب فارم کو نظراندازکرتے ہوئے انٹرنیشنل کیریئر کو طول دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ویسٹ انڈیز سے تیسرے ٹیسٹ اور نیوزی لینڈ سے دونوں میچز میں گرین کیپس کو ناکامی ملی، اس کے بعد دورئہ آسٹریلیا میں بھی نہ صرف تینوں ٹیسٹ میں شکست ہوئی بلکہ مصباح الحق کی ذاتی کارکردگی بھی انتہائی ناقص رہی تھی۔ اس صورتحال میں پی سی بی پر دباؤ تھاکہ کپتان کو اب انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دینا چاہیے۔

دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام الحق تینوں فارمیٹ کیلیے ایک ہی کپتان مقرر کرنے کے حق میں ہیں تاہم سرفراز احمد ٹوئنٹی 20کے بعد ون ڈے میں بھی قیادت سنبھال چکے جب کہ اظہر علی ٹیسٹ کرکٹ میں نائب کپتانی کا منصب بھی چھوڑ چکے ہیں۔

ادھر چیئرمین پی سی بی شہریارخان چاہتے ہیں کہ مصباح الحق کو مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کیلیے وقت دینا چاہیے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی سینئر بیٹسمین کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔

مکی آرتھر نے شارجہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ میری مصباح الحق سے ملاقات ہوئی ہے، آئندہ ہفتے دوبارہ بات کروں گا، فی الحال ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ کیا فیصلہ کریں گے لیکن مصباح زبردست کپتان اور ان کی پاکستان کرکٹ کیلیے بہت زیادہ خدمات ہیں،انھیں باوقار انداز میں رخصت کرنا چاہیے۔

دوسری جانب مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس بارے میں بہت جلد پی سی بی کو آگاہ کرنے والے ہیں۔ ایک انٹرویو میں سینئر بیٹسمین نے کہا کہ زیادہ امکان یہی ہے کہ پاکستان ٹیم کے آئندہ ٹور تک کھیلوں گا، فیصلے کیلیے وقت لیا، پی ایس ایل میں فارم اور فٹنس دیکھنا چاہتا تھا،اچھی پریکٹس مل گئی،گیند بیٹ پر آرہی ہے، امید ہے کہ ٹیم کیلیے کارکردگی دکھا پاؤں گا۔

یاد رہے کہ مصباح الحق اس وقت پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔