شرجیل کا لیسٹر شائر سے معاہدہ بھی داؤ پر لگ گیا

مستقبل کا حتمی فیصلہ پی سی بی کی تحقیقات سامنے آنے پر کیا جائے گا، کاؤنٹی


Sports Desk February 19, 2017
یوبی ایل اوپنر کو پہلے ہی معطل کرچکا، جرم ثابت ہونے پر کڑی سزا ملے گی۔ فوٹو: فائل

فکسنگ اسکینڈل نے شرجیل خان کا لیسٹر شائر کاؤنٹی سے معاہدہ بھی داؤ پر لگا دیا۔

شرجیل خان نے دورئہ آسٹریلیا میں عمدہ بیٹنگ کی بدولت نہ صرف پاکستانی شائقین کے دل جیتے بلکہ ایک جارح مزاج بیٹسمین کے روپ میں دنیا بھر کی لیگ فرنچائزز کی نظروں میں بھی آگئے جس کے بعد بگ بیش اور کیربیئن لیگ سمیت مختلف ٹوئنٹی20 لیگز کیلیے ٹیمیں اوپنر کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتی تھیں۔

واضح رہے کہ انگلش کرکٹ کاؤنٹی لیسٹر شائر نے رواں سال ہی ان سے مختصر فارمیٹ کے میچز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا، مگر پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل کے نتیجے میں ان کا کیریئر خطرے سے دوچار ہوگیا ہے۔ شرجیل خان ڈومیسٹک کرکٹ میں یو بی ایل کی نمائندگی کرتے ہیں جس نے انہیں معطل کر دیا ہے۔

دوسری جانب لیسٹر شائرکاؤنٹی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے ہونے والی تحقیقات کے نتیجے کا انتظار کر رہے ہیں جس کے بعد حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کہہ چکے ہیں کہ بکیز سے روابط کے الزامات میں معطل کیے جانے والے کرکٹرز کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے، مگر جرم ثابت ہونے پر کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی تاہم اس اعلان کے بعد شرجیل خان اور خالد لطیف کے بچ نکلنے کا امکان کم ہی نظر آتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔