آسان ٹیکس ادائیگی میں پاکستان 162ویں نمبر پر

دنیا میں اوسطاً 267گھنٹے ٹیکس ادائیگیوں میں،پاکستان میں 560گھنٹے لگ جاتے ہیں


Business Reporter January 07, 2013
پاکستان میں کام کرنیوالی کاروباری کمپنیاں سال میں 560گھنٹے ٹیکس کی ادائیگیوں میں ہی مصروف رہتی ہیں۔ فوٹو: فائل

DASKA: پاکستان میں ٹیکس وصولیوں کا دشوار اور پیچیدہ سسٹم ٹیکس ادا کرنے والوں کے لیے مشکلات کاسبب بنا ہوا ہے جس سے ٹیکس ادا کرنے والی کمپنیوں کا زیادہ تر وقت ٹیکسوں کی بھرمار کے ساتھ مشکل ٹیکس نظام اور طویل دستاویزی تقاضے پورے کرنے میں صرف ہوتا ہے۔

گلوبل پروفیشنل سروسز کے ادارے پرائس واٹر ہائوس کوپر (PwC) نے ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے اشتراک سے ''2013 میں ٹیکسوں کی ادائیگی'' کے عنوان سے جاری کی جانے والی اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت، چین بنگلہ دیش اور سری لنکا کے مقابلے میں پاکستانی کمپنیاں دگنا وقت ٹیکس ریٹرنز داخل کرنے اور ٹیکس ادائیگی کے مشکل اور طویل دستاویزی تقاضے پورے کرنے پر صرف کررہی ہیں رپورٹ کے مطابق ٹیکس ادائیگی کے آسان نظام کے لحاظ سے پاکستان کا شمار دنیا کے 185ملکوں میں سے 162ویں درجے پر کیا جاتا ہے جس کا مطلب ہے کہ پاکستان طویل، دقت طلب اور دشوار ٹیکس نظام کے حامل 24 سرفہرست ملکوں میں شامل ہے۔

دنیا بھر کے 185ملکوں میں کمپنیاں اوسطاً 267گھنٹے ٹیکس ادائیگیوں پر صرف کرتی ہیں جبکہ پاکستان میں کام کرنیوالی کاروباری کمپنیاں سال میں 560گھنٹے ٹیکس کی ادائیگیوں میں ہی مصروف رہتی ہیں پاکستان کے مقابلے میں خطے کے دیگر ممالک میں یہ بوجھ کافی حد تک کم ہے بنگلہ دیش میں سال بھر 302گھنٹے، بھارت میں 243گھنٹے، سری لنکا میں 254گھنٹے اور چین میں 338گھنٹے ٹیکسوں کی ادائیگی پر صرف کیے جاتے ہیں۔

02

صارف ٹیکسوں کی ادائیگی پر پاکستان میں 480گھنٹے اور بنگلہ دیش میں 162گھنٹے صرف کیے جاتے ہیں۔ پاکستان میں ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے کاروباری کمپنیاں سال میں 47 مختلف قسم کی ادائیگیاں کرتی ہیں جبکہ عالمی سطح پر یہ اوسط 27ادائیگیوں تک محدود ہے چین میں سال بھر میں ٹیکسوں کی مد میں 7 ، بھارت میں 33، بنگلہ دیش میں 20 ادائیگیاں کی جاتی ہیں پاکستان میں ہر سال کی 47ٹیکس ادائیگیوں میں لیبر سے متعلق ٹیکسوں کی تعداد 25ہے جو بھارت چین اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں لیبر ٹیکسوں کی مد میں کی جانے والی ادائیگیوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

رپورٹ کے مطابق خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان مجموعی طور پر کم ٹیکس ریٹ کا حامل ہے پاکستان میں کاروبار کرنے والی کمپنیاں منافع کے 35.5 فیصد کے برابر ٹیکس ادا کررہی ہیں چین میں یہ شرح 63.7 فیصد، بھارت میں 61.8فیصد اور سری لنکا میں 50.1فیصد جبکہ بنگلہ دیش میں 34.9فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں