کراچی کنگزنے پشاور زلمی کو سنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دیدی

کراچی کنگز کے 174 رنز کے جواب میں پشاور زلمی 165 رنز بناسکی


ویب ڈیسک February 19, 2017
کراچی کنگز کے 174 رنز کے جواب میں پشاور زلمی 165 رنز بناسکی، فوٹو:فیس بک

URUMQI: پاکستان سپر لیگ کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 9 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگزنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں سیمی الیون کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے پر اعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن 32 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل 14 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بنے جب کہ تمیم اقبال بھی ایک رنز کے اضافے کے بعد سہیل خان کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ پشاور زلمی کے مڈل آرڈر بیسٹمین افتخار احمد کوعماد وسیم نے اپنا شکاربنایا اور این مورگن بھی 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ صہیب مقصود 5 رنز پر عثمان خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کے شکیب الحسن 18 رنز پر عثمان خان کی گیند پر بوپارہ کو کیچ دے بیٹھے۔

میچ اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا جب زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے اور ساتویں وکٹ پر دونوں بلے بازوں نے 70 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 139 کے مجموعی اسکور پر ڈیرین سیمی 34 رنز بنا کر شاہد آفریدی کا ساتھ چھوڑ بیٹھے جس کے بعد زلمی کی میچ پر گرفت کمزور ہونے لگی لیکن شاہد آفریدی نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا 54 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وہاب ریاض 2 اور حسن علی 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے سہیل خان،عثمان خان نے 3،3 اور اسامہ میر نے 2 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائے جب کہ عماد وسیم اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو بابر اعظم اور کپتان سنگاکارا نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 72 رنز کی شراکت قائم کی تو بابراعظم 28 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سنگاکارا 28، کرس گیل 11 اور روی بوپارا 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی کی جانب سے افتخار احمد نے 2، شکیب الحسن اور عمران خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔