جیل چورنگی فلائی اوور کی باقی تعمیرات جلد شروع ہوں گی ایڈمنسٹریٹر

جیل کے عملے کے گھروں کے مکینوں کی منتقلی شروع کے جارہی ہے ،محمد حسین سید کا تعمیراتی کام کا دورہ، افسران نے بریفنگ دی


Staff Reporter January 07, 2013
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس کے فوری بعد جیل چورنگی سے یونیورسٹی روڈ کی طرف مڑنے والے لوپ کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا جس سے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ جیل چورنگی فلائی اوور کے باقی ماندہ حصے کی تعمیر کا کام جیل کی حدود میں بننے والے فلیٹوں کی تعمیر کے فوری بعد شروع کردیا جائے گا۔

یہ فلیٹ تکمیل کے مراحل میں ہیں اور فوری طور پر پل کے حصے میں آنے والے جیل کے عملے کے گھروں کے مکینوں کی منتقلی کا عمل شروع کیا جارہا ہے ، یہ بات انھوں نے جیل چورنگی فلائی اوور اور فلیٹوں کے تعمیراتی کاموں کا دورہ کرتے ہوئے کہی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن،سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونی کیشن محمد اطہر، ڈائریکٹر مشین پول نعمان ارشد، پروجیکٹ انجینئر تنویر احمد اور دوسرے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

08

انھوں نے کہا کہ جیل چورنگی فلائی اوور کا کام طویل عرصے سے تعطل کا شکار تھا جس کی بڑی وجہ جیل کے عملے کی وہ رہائشی آبادی ہے جنھیں ان نوتعمیر شدہ فلیٹوں میں منتقل کرنا ہے، انھوں نے کہا کہ175ملین کی لاگت سے جیل کے عملے کیلیے ٹائپ اے میں700اسکوائر فٹ کے80 فلیٹ تیار کیے گئے ہیں ، ٹائپ بی میں11 سو اسکوائر فٹ کے 10 اور ٹائپ سی میں 1550 اسکوائر فٹ کے 6 فلیٹ بنائے گئے ہیں۔

جیل چورنگی کے لوپ کی تعمیر میں آئی جی آفس بھی متاثر ہوگا اس لیے 13621 فٹ پر مبنی مسلم آباد میں آئی جی آفس تعمیر کیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ جیل چورنگی کے لوپ کے اندر آنے والے فلیٹوں کے خالی کرنے اور مسمار کرنے میں 4 ہفتے درکار ہوں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس کے فوری بعد جیل چورنگی سے یونیورسٹی روڈ کی طرف مڑنے والے لوپ کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا جس سے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں