سری لنکا کے خلاف آسٹریلیا کا آپریشن کلین اپ مکمل

سڈنی ٹیسٹ میں 5وکٹ سے فتح کے بعد سیریز 3-0 سے کینگروز کے نام ہوگئی.

آخری ٹیسٹ میں 5 وکٹوں کی فتح سے کینگروز نے سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

سری لنکا کیخلاف آسٹریلیا کا آپریشن کلین اپ مکمل ہوگیا۔

آخری ٹیسٹ میں 5 وکٹوں کی فتح سے کینگروز نے سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی، 141 رنز کا آغاز ہدف چوتھے روز صرف 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا، کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے مائیک ہسی 29 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، رنگانا ہیراتھ نے 3 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری باری میں 278 رنز پر ڈھیر ہوگئی، دنیش چندیمل نے ناٹ آئوٹ 62 رنز کے ساتھ آخری دم تک مزاحمت جاری رکھی، جیکسن برڈ اور مچل جونسن نے تین تین وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے سری لنکا کو سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں چوتھے ہی روز سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ، اس طرح اس نے سیریز میں بھی کلین سوئپ کرلیا۔ کینگروز کو فتح کیلیے 141 رنز کا آسان ہدف ملا مگر سڈنی کرکٹ گرائونڈ کی وکٹ پر چوتھے روز بیٹنگ تھوڑی مشکل ہوگئی جبکہ سری لنکن بولرز نے بھی منظم انداز میں بولنگ کرکے آسٹریلیا کو خوب پریشان کیا۔




اوپنر ڈیوڈ وارنر کھاتہ کھولے بغیر ہی سورنگا لکمل کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، ان کا کیچ سلپ میں موجود مہیلا جے وردنے نے تھاما، دوسرے اوپنر ایڈ کوان نے فل ہیوز کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو متحرک کیا تاہم 45 کے مجموعے پر ہیوز 34 رنز بناکر ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اگرچہ آسٹریلیا نے اس میچ میں پانچ بولرز کھلائے تھے مگر آغاز میں دو وکٹیں گرجانے کے باوجود ہدف ان کی پہنچ سے دور دکھائی نہیں دیا، ایڈکوان نے اپنے اعصاب مکمل قابو میں رکھتے ہوئے زیادہ دیر کریز پر قیام کو ترجیح دی تاہم مائیکل کلارک نے تھوڑی تیزی دکھائی جس کا نتیجہ دلشان کی گیند پر تھریمانے کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں برآمد ہوا، انھوں نے 29 رنز بنالئے، اس موقع پر کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے مائیک ہسی کریز پر آئے۔

ناقابل شکست رہنے کا خواب دیکھنے والے ایڈکوان 36 رنز پر ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، پہلی اننگز میں سنچری جڑنے والے میتھیو ویڈ اس بار 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں بھی ہیراتھ نے ہی قابو کیا۔ مائیک ہسی نے ناٹ آئوٹ 27 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔ اس سے قبل سری لنکا نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز 225 رنز سات وکٹوں سے کیا، ہیراتھ گذشتہ روز کے اپنے اسکور میں فقط ایک رن جوڑ کر 10 تک پہنچے ہی تھے کہ جیکسن برڈ نے ان کو بولڈ کردیا، سورنگا لکمل (0) کو جونسن نے بولڈ کیا۔

اس موقع پر دنیش چندیمل نے نوان پردیپ کے ساتھ مل کر آخری وکٹ کیلیے 41 رنز کی شراکت سے اپنے بولرز کو دفاع کیلیے کچھ اسکور دینے میں کامیاب رہے، لنچ سے آدھا گھنٹہ قبل آخری بیٹسمین پردیپ 9 رنز پر آئوٹ ہوئے، اس طرح سری لنکا دوسری اننگز میں 278 بنا سکا، دنیش چندیمل 62 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے جس کیلیے انھوں نے 106 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے بھی جڑے۔
Load Next Story