برسبین ٹینس اینڈی مرے نے کیریئر کی 25ویں ٹرافی جیت لی

مرے نے 87 منٹ کے مقابلے کے بعد کیریئر کی25 ویں اے ٹی پی ٹرافی اپنے قبضے میں کرلی۔


Sports Desk January 07, 2013
برسبین انٹر نیشنل ٹینس: مینز سنگلز کے فاتح برطانوی اسٹار اینڈی مرے ٹرافی تھامے پوز دے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے برسبین مینز سنگلز ٹرافی جیت کر اعزاز کے دفاع میں سرخرو ہوگئے۔

یہ ان کے کیریئر کی 25ویں ٹرافی ہے، انھوں نے فائنل میں بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف کیخلاف 7-6(7/0)، 6-4 سے کامیابی حاصل کی،مینز ڈبلزمیں اسپین کے ٹومی روبریڈو اور برازیلین پلیئر مارسیلو میلو نے میدان مارلیا، انھوں نے فائنل میں ٹاپ سیڈ آسٹریلیا کے پال ہینلے اور امریکی پلیئر ایرک بوٹریک کو 4-6،6-1 اور 10-5 سے ہرادیا۔سڈنی میں پیٹرا کیوٹوا پہلے رائونڈ کی مہمان ثابت ہوئیں جبکہ کیرولین ووزینسکی نے دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔

ہوبارٹ ویمنز ٹینس میں 5 سیڈ سواریز نیوارو کو اولگا گورٹسووا نے ٹھکانے لگادیا۔تفصیلات کے مطابق برسبین انٹرنیشنل ٹینس میں مینز سنگلز ٹرافی اینڈی مرے کے نام ہوگئی، بلغارین پلیئر گریگور دیمیتروف کیخلاف ہائی کلاس فائنل کے پہلے سیٹ میں یوایس اوپن چیمپئن اینڈی مرے کو پہلے سیٹ میں ایک مرحلے پر 1-4 کے خسارے کا سامنا رہا، تاہم وہ جیسے تیسے کرکے اس مقابلے کو ٹائی بریکر پر اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے لیکن دوسرے سیٹ میں انھیں حریف سے کچھ زیادہ مسابقت پیش نہیں آئی ۔

 

07

مرے نے 87 منٹ کے مقابلے کے بعد کیریئر کی25 ویں اے ٹی پی ٹرافی اپنے قبضے میں کرلی، اسکاٹش پلیئر برسبین میں ملنے والی ٹائٹل فتح کو سیزن کے پہلے گرینڈآسٹریلین اوپن سے قبل نیک شگون خیال کررہے ہیں، اپنے کیریئر کا پہلا اے ٹی پی فائنل کھیلنے والے 21 سالہ بلغارین پلیئر اور انگلش اسٹار کے درمیان تجربہ بنیادی فرق ثابت ہوا۔ دوسری جانب 2011 کی ومبلڈن چیمپئن جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا لگاتار دوسرے میں متاثر کن پرفارمنس دینے میں ناکام رہیں ، انھیں سڈنی انٹرنیشنل ٹینس کے پہلے رائونڈ میں ڈومنیکا سبولکووا نے اڑاکر رکھ دیا۔

اس سے قبل انھیں برسبین ایونٹ کے دوسرے رائوند میں بھی شکست کا سامنا رہا تھا، سڈنی میں ان کے خلاف ڈومنیکا سبولکووا کی فتح کا اسکور 6-1،6-1 رہا،7 سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی نے پولش حریف ارسزیلا ریڈوانسکا کو 6-1،6-2 سے زیر کرلیا، روس کی ماریا کریلنکو نے آسٹریلین کھلاڑی اولیویا روگوسکووا کو7-5،6-2 سے مات دے دی،ایکٹرینا ماکارووا نے امریکا کی واروارا لیپچنکو کو 6-4،4-6 اور6-1 سے شکست دے دی۔ ہوبارٹ ویمنز ٹینس کے پہلے رائونڈ میں 5سیڈ سواریز نیوارو کوبیلاروس کی اولگا گورٹسووا نے 6-2،6-1 سے زیر کرلیا، امریکا کی 8 سیڈ سلونی اسٹیفنز نے برطانیہ کی لورا روبسن کو 6-4،7-6(7/4) سے مات دے دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں