پاک افغان سرحد پر آمدورفت کا سلسلہ چوتھے روز بھی تعطل کا شکار

طورخم بارڈر کی بندش کے باعث سرحد کے دونوں طرف مال بردار گاڑیوں اور کنٹینرز کی قطاریں لگی ہیں


ویب ڈیسک February 20, 2017
طورخم بارڈر کی بندش کے باعث سرحد کے دونوں طرف مال بردار گاڑیوں اور کنٹینرز کی قطاریں لگی ہیں۔ فوٹو؛ فائل

خیبر ایجنسی میں پاک افغان بارڈر پر طورخم گیٹ چوتھے روز بھی بند ہے جس کے باعث سرحد کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی کڑیاں افغانستان سے ملنے کے بعد حکومت نے طورخم پر پاک افغان بارڈر کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا ہے، طورخم بارڈر کی بندش کا آج چوتھا روز ہے جس کے باعث افغانستان سے ہر قسم کی آمد و رفت معطل ہے جب کہ سرحد کے دونوں طرف مال بردار گاڑیوں اور کنٹینرز کی لمبی قطاریں لگی ہیں، پشاور میں کارخانو چیک پوسٹ سے آگے پاک افغان شاہراہ کے کنارے بھی گاڑیوں کی قطاریں لگی ہیں۔

دوسری جانب چمن میں بھی باب دوستی مسلسل چوتھے روز بند ہونے سے نیٹو سپلائی اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا سلسلہ بھی روک دیا گیا ہے، سرحد کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں اور پیدل جانے والے افراد کو بھی سرحدپار کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں درگاہ لعل شہباز قلندر میں خود کش دھماکے کے بعد حکومت نے طورخم پر پاک افغان بارڈر کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔