پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی کرانے پر اتفاق

پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ ٹیم مالکان کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔


ویب ڈیسک February 20, 2017
پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہی ہو گا۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر تھی اتفاق کیا گیا کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل فائنل کے لئے پاکستان نہیں آتے تو پھر بھی فائنل ہر صورت لاہور میں ہی ہوگا اور اس سے فرنچائز مالکان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہورمیں پی ایس ایل کا فائنل شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا، سربراہ پاک فوج



دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا، سری لنکا اور بنگلا دیش سمیت 50 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل فائنل کے لئے پاکستان آنے پر رضا مند ہیں جبکہ کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کوچز بھی پی ایس ایل فائنل کے لئے لاہور آنے پر آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے لئے پاکستان آنے والے ہر غیر ملکی کھلاڑی کو 10 ہزار ڈالر اضافی دیئے جائیں گے جبکہ انہیں وی وی آئی پی سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔



واضح رہے کہ لاہور میں ہونے والے خود کش حملے کے بعد اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اب پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں نہیں ہو گا تاہم دبئی میں پی سی بی، پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے اجلاس کے بعد اس قسم کی تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں اور اب پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہی ہو گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔