الخالد ٹینک اب مکمل پاکستان میں بنے گا یوکرین سے معاہدہ

ابوظہبی میں آئی ڈیکس نمائش میں پاکستان کی شرکت، معاہدوں پر دستخط

ابوظہبی میں آئی ڈیکس نمائش میں پاکستان کی شرکت، معاہدوں پر دستخط۔ فوٹو: فائل

لاہور:
پاکستان اور یوکرین میں دفاعی شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر ابوظہبی میں دستخط ہوگئے، پاکستان اب یوکرین کے تعاون سے الخالد ٹینک مکمل طور پر پاکستان میں تیار کرسکے گا۔

پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور یوکرین کی وزرات دفاع کے ڈائریکٹر جنرل رومون رومانوے نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف اور دیگر پاکستانی دفاعی حکام بھی موجود تھے۔ایم او یوز کے مطابق پاکستان اور یوکرین ٹینکس کی پروڈکشن ، ری بلڈنگ اور موڈی فکیشن پر تعاون کریں گے۔


وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویرحسین نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین میں دفاعی شعبوں میں تعاون علاقائی سلامتی کے لئے انتہائی اہم ہے۔ دوسری جانب لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات (چیئرمین پی او ایف بورڈ) کی سربراہی میں پی او ایف کی ٹیم ابوظہبی میں منعقدہ دفاعی نمائش IDEX-2017میں شریک ہے۔

ادھر پی او ایف نمائش کے دوران مختلف ممالک کے ساتھ دفاعی پیداوار میں باہمی تعاون بڑھانے کے کئی معاہدوں پر دستخط کرنے جا رہی ہے۔ پاکستان آرڈننس فیکٹریزکا مشہور ہتھیار'' پی او ایف آئی'' نمائش میں غیرملکی وفود کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اس ویپن کی خصوصیت یہ ہے کہ شوٹر اپنے آپ کو ظاہر کیے بغیر ٹارگٹ کا نشانہ لے سکتا ہے۔

 
Load Next Story