ملائیشیا نے اپنے سفیر کو پیانگ پانگ سے واپس بلا لیا شمالی کورین سفارتکار کی طلبی

بغیر پوسٹ مارٹم کم جونگ نیم کی لاش کو شمالی کوریا کے حوالے کرنے کا مطالبہ ملائیشیا نے مسترد کر دیا تھا


APP February 21, 2017
ملائیشین حکام نے 4مطلوب شمالی کورین باشندوں کے کوائف میڈیا کو جاری کر دیے۔ فوٹو: نیٹ

ISLAMABAD: ملائیشیا نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام (Kim Jong Nam)کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں الزامات کے پیش نظر وضاحت پیش کرنے کے لیے شمالی کورین سفیر کو طلب کرلیا جبکہ ملائیشیا نے پیانگ یانگ میں تعینات اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کم جونگ نام کی ہلاکت سے ملائیشیا اور شمالی کوریا کے درمیان سفارتی تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ ملائیشیا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی کوریائی سفیر کو سمن جاری کرنے کے ساتھ ہی ملائیشیا نے وہاں تعینات اپنے سفیر کو بھی تبادلہ خیال کے لیے بلایا ہے۔ بیان کے مطابق ملائیشیا کی حکومت کے خلاف الزامات کی صورت میں شمالی کوریا کے سفیر کانگ چول کو طلب کیا گیا ہے۔ شمالی کوریا کے رہنما کے سوتیلے بھائی کم جونگ نیم کی کوالالمپور میں ہلاکت کے نتیجے میں شروع ہونے والے تنازع کی شدت میں اضافے کے بعد ملائیشیا نے پیانگ یانگ سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔

دوسری جانب ملائیشیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ اب وہ اس سلسلے میں شمالی کوریا کے 4 باشندوںکی تلاش میں ہیں،پولیس نے ان چاروں مطلوب افرادکے کوائف بھی میڈیا کو جاری کیے ہیں۔ کم جونگ نام کی گذشتہ ہفتے کوالالمپور کے ہوائی اڈے پر پراسرار حالات میں موت ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران ملائشیا نے بغیر پوسٹ مارٹم کے کم جونگ نام کی لاش کو شمالی کوریا کے حوالے کے مطالبے کو ٹھکرا دیا تھا۔ جس پر شمالی کوریا کے سفیر کانگ چول نے کوالالمپور پر دشمن طاقتوں سے ساز باز کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ملائیشیا کچھ چھپانا چاہتا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملائیشیا کے سیکیورٹی حکام نے کم جونگ نام کے قتل کی سی سی ٹی وی وڈیو جاری کردی ہے۔ اس وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوالالمپور ائیر پورٹ کی حدود میں کِم جونگ نیم پر کو ایک خاتون نے پیچھے سے پکڑ کران پر کپڑا ڈالا جبکہ دوسری نے سامنے سے ان پر زہریلا اسپرے کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں