شاہ زیب قتل ڈی جی ایف آئی اے کادبئی امیگریشن سے رابطہ

دبئی حکومت کوبھی خط،انٹرپول کے مقامی دفترنے دنیاکے تمام ممالک کوملزم سے متعلق آگاہ کردیا

دبئی حکومت کوبھی خط،انٹرپول کے مقامی دفترنے دنیاکے تمام ممالک کوملزم سے متعلق آگاہ کردیا

شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی متحدہ عرب امارات میں موجودگی کی تصدیق کیلیے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے دبئی امیگریشن حکام سے رابطہ کرلیا ہے۔

جبکہ اس سلسلے میں وزارت خارجہ کے توسط سے بھی دبئی حکومت کو خط تحریر کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ رخ جتوئی کے پاسپورٹ کی نقول ذرائع ابلاغ پر منظر عام پر آنے کے بعد ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے پاکستان میں موجود انٹرپول کے مقامی دفتر نیشنل سینٹرل بیورو کی مدد سے دنیا کے تمام ممالک کو ایک پیغام میں آگاہ کیا ہے کہ ملزم شاہ رخ جتوئی پاکستان میں قتل کے الزام میں مطلوب ہے اور اطلاعات ہیں کہ وہ کسی ذریعے سے27 دسمبر کو متحدہ عرب امارات پہنچنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔


ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی جانب سے دبئی امیگریشن کو ایک علیٰحدہ خط تحریر کیا گیا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ وہ27 دسمبر کو شاہ رخ جتوئی کی دبئی آمد کی تصدیق کریں اور مطلع کریں کہ پاکستان کے کون سے ایئر پورٹ سے کس پرواز کے ذریعے دبئی پہنچا۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے انور ورک اور ڈائریکٹر سندھ زون محمد مالک خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔



ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد مالک نے ایکسپریس کو بتایا کہ شاہ زیب کے قتل کے 12گھنٹے بعد، سندھ پولیس کی جانب سے باقاعدہ رابطہ کرنے سے پہلے ہی انھوں نے کراچی ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے حکام کو یہ ہدایات جاری کردی تھیں کہ ملزم بیرون ملک جانے کی کوشش کرے تو انھیں اور سندھ پولیس کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ ملزم کا نام2 جنوری کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تاہم ملزم اس سے پہلے بھی کراچی سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرتا تو اسے حراست میں لے لیا جاتا۔

Recommended Stories

Load Next Story