وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کردیا جائیگا قائم علی شاہ

دہشت گردی نے معیشت تباہ کردی اور ملکی استحکام کو نقصان پہنچایا، کابینہ اجلاس سے خطاب

حیدرآباد: وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ سرکٹ ہائوس مٹیاری کی نئی تعمیر ہونے والی بلڈنگ کا افتتاح کر رہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

KARACHI:
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ضلع ٹنڈوالہیار میں پانی کی کمی اور کاشتکاروں کی سہولت کیلیے نصیر ایریگیشن ڈویژن کی ری ماڈلنگ کی جائے گی، جبکہ وفاقی حکومت کے تعاون سے ایک علیحدہ کینال لائننگ پراجیکٹ پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ پانی بچایا جاسکے، ان منصوبوں پر عمل درآمد ہونے کے بعد ٹنڈوالہیار کے باشندوں اور کاشتکاروں کو وافر مقدرار میں پانی کی فراہمی یقینی ہو سکے گی جبکہ گزشتہ سال بارشوں میں جو سڑکیں خراب ہوئی تھیں۔

انھیں دوبارہ بنا دیا گیا ہے اور جو کام مکمل نہیں ہو سکا، ان کی جلد تکمیل کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹنڈوالہیار میں منعقدہ سندھ کابینہ کے اجلاس اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینیر صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہر الحق، وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ودیگر نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشتگردی سے معیشت تباہ اورملکی وحدانیت، جمہوریت اور استحکام کو نقصان پہنچا ہے تاہم وہ دن دور نہیں جب دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کر دیا جائے گا۔


وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹنڈو الہیار میں مزید 7 پولیس اسٹیشنز قائم کرنے سمیت چمبڑ میں بلاول بھٹو پبلک اسکول قائم کرنے کا اعلان کیا جب کہ 23 کلو میٹر سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد نہ ہونے کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے دو صوبائی وزرا مہتاب ڈہر اور مظفر شجرہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو ایک ہفتے میں اس کے متعلق انھیں رپورٹ پیش کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال بھی آباد گاروں کو 15 ہزار ٹریکٹر رعایتی قیمت پر فروخت کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی سی سیکریٹریٹ میں 20 کڑور روپے کی لاگت سے 25 ایکڑ پر بنائے جانے والے بلاول بھٹو پبلک اسکول کا سنگ بنیاد رکھا۔

ورکرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے پاکستان چاہیے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کارکنوںکے مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے مٹیاری سرکٹ ہاؤس میں بھی سندھ کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ضلع مٹیاری میں امن و امان کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی مٹیاری کو حکم دیا کہ وہ ملوث جرائم پیشہ افراد کی گرفتار ی کو یقینی بنائیں اور ایک ہفتے میں انھیں رپورٹ ارسال کریں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت ضلع مٹیاری میں ایک سبزی منڈی قائم کرے گی۔ شوگر مل مالکان کی جانب سے آبادگاروں کی 12 ارب روپے کی واجبات ادا نہ کرنے کی شکایت پر انھوں نے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے اس لیے کچھ کہا نہیں جا سکتا تاہم حکومت سندھ آبادگاروں کو وکیل فراہم کرے گی۔ انہوں نے مٹیاری بار ایسوسی ایشن کے دفتر کے لیے پلاٹ اور صحافی کالونی کے لیے زمین دینے کا بھی اعلان کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story