ویمنزورلڈ کپ کوالیفائرز بھارت نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

دپیتی شرما 71 رنز کے ساتھ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

دپیتی شرما 71 رنز کے ساتھ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں ۔ فوٹو : آئی سی سی

QUETTA:
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرزکے فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو ایک وکٹ سے شکست دے کرٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

پیسارا اوول گراؤنڈ کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے، میگون ڈوپریز40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں، کپتان ڈینی وین نیکرک اور لزیلی لی نے37,37 رنز بنائے، سونے لوئس 35، کلوئی ٹریون 23، تریشا چیٹی 22 جب کہ لارا والوارت 21 رنز بنا سکیں۔ بھارت کی جانب سے راجیشوری گیاکور نے 3، شیکھا پانڈے نے 2 جب کہ ایکتابشٹ، پونم یادیو اور دیپتی شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


اس خبر کو بھی پڑھیں :پاکستان نے سپر سکس میں آئرلینڈ کو مات دیدی

245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنر تھیروش کامنی 10 رنز پر آؤٹ ہو گئیں جس کے بعد مونا میشرم اور دیپتی شرما نے ٹیم کا مجموعہ 144 رنز تک پہنچایا شرما 71 رنز پر پویلین لوٹیں جس کے بعد اگلے ہی اوور میں میشرم 59 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں، بھارت کو فتح کیلیے آخری 4 اوورز میں 22 رنز درکار جب کہ ان کی 2 وکٹیں باقی تھیں، آخری اوور کی پہلی گیند پر پونم یادیو دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئیں اور بھارت کو ٹائٹل کے حصول کیلیے آخری وکٹ پر 8 رنز درکار تھے، کپتان ہرمن پریت کور نے پانچویں گیند پر چھکا لگانے کے بعد آخری گیند پر 2 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا اور 41 رنز پر ناقابل شکست رہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ماریزانے کیپ، ایابونگا کھاکا نے 2,2 جب کہ شبنم اسماعیل، ڈینی وین نیکرک اور مارسیا لیٹسوالو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دپیتی شرما پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

واضح رہے کہ فائنلسٹ ٹیموں کے ساتھ پاکستان اورسری لنکا نے بھی رواں برس انگلینڈ میں شیڈول ویمنز ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کر لیا ہے جب کہ ایونٹ میں سپر سکس اسٹیج میں جگہ بنانے والی بنگلہ دیش اورآئر لینڈ کی ٹیموں کو مزید 4 برس کیلیے ون ڈے انٹرنیشنل اسٹیٹس مل گیا ہے۔
Load Next Story