ملک میں دہشت گردی کے بھارتی عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں آرمی چیف

لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دیا جائے، جنرل قمر جاوید باجوہ

لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دیا جائے، جنرل قمر جاوید باجوہ، فوٹو؛ فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے جب کہ ہم ملک میں دہشت گردی کے بھارتی عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر مٹی والا مناور سیکٹر کا دورہ کیا اور جوانوں سے ملاقات کی جہاں ایل او سی کے دورے میں آرمی چیف کو آپریشنل صورتحال پر بریفنگ دی گئی جب کہ انہوں نے فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔



اس خبر کو بھی پڑھیں: فوجی جوان ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلیے پوری تیاری رکھیں، آرمی چیف




آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملکی دفاع کے لیے ہر وقت تیار اور پر عزم ہے اس کے جوان اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں جو پاک فوج کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج پاکستان اور آزاد کشمیر کا دفاع کرنا جانتی ہے جب کہ ایل او سی پر شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی بلا اشتعال سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا بھرپورجواب دیا جائے۔





جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ان کے عوام کے ساتھ ہماری یکجہتی جاری رہے گی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے بھارتی عزائم سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے جب کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو بھارتی عزائم کا ثبوت ہے اور ہم اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔



Load Next Story