فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پی پی آمادہ ہوگئی ذرائع

حکومتی اتحادی مان نہیں رہے،آج معاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوگا

اتفاق ہوگیا تو 27فروری کوقومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا،سینیٹ کے پارلیمانی رہنما بھی مدعو۔ فوٹو : فائل

فوجی عدالتوں میں ممکنہ توسیع کے بارے میں دونوں ایوانوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس (آج) بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔

اجلاس میں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کی صورت میں قومی اسمبلی کا اجلاس 27 فروری کو طلب کر لیا جائے گا۔ تاحال فوجی عدالتوں میں توسیع پر حکومتی اتحادیوں کو آمادہ نہیں کیا جا سکا تاہم اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی پس پردہ رابطوں اور دیگر ذرائع کی کوششوں کی بدولت اس ترمیم پر تقریباً راضی ہو گئی ہے جس پر ترمیم کی منظوری کے لیے حکومت کو دو تہائی اکثریت کے حصول میں کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔


دوسری جانب پارلیمانی رہنماؤں کے اس 6 ویں مشاورتی اجلاس میں سینیٹ کی پارلیمانی جماعتوں کو بھی مدعو کر لیا گیا ہے اور اسپیکرکو باضابطہ طور پر نامزدگیاں ملنے پر گذشتہ روز جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق،مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان ' پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر،مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر مشاہد حسین سید،بی این پی (مینگل) کے سینیٹر جہانزیب جمالدینی، مسلم لیگ (ف) کے سینیٹر مظفرحسین شاہ، بی این پی (عوامی) کے میر اسرار اللہ خان زہری' نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل خان بزنجو' پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان خان کاکڑ ' جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود' عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر الیاس احمد بلور' ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر حسین مشہدی' فاٹا کے سینیٹر ہدایت اللہ کو مشاورتی اجلاس میں مدعو کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ارکان سینیٹ کی شرکت کے ساتھ فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق پارلیمنٹ کے رہنماؤں کا یہ پہلا مشترکہ اجلاس ہو گا۔ اس سے قبل قومی اسمبلی کے پارلیمانی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہو تا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کل کے اجلاس میں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے ہو گیا تو ترمیم کی منظوری کیلیے 27 فروری پیر کو ہنگامی طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا جائے گا۔ مشاورتی اجلاس فیصلہ کن ہونے کا قوی امکان ہے۔ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کو تقریباً راضی کر لیا گیا ہے اب بھی بلواسطہ طو رپر رابطے برقرار ہیں۔ دینی جماعتوں کو تاحال آمادہ نہیں کیا جا سکا۔

 
Load Next Story