وزارت داخلہ نے پنجاب میں 60 روز کیلیے رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی

رینجرز دہشتگردوں کے خلاف پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرے گی، وزیر داخلہ چوہدری نثار


ویب ڈیسک February 22, 2017
دہشتگرد اور انکے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وزیر داخلہ۔ فوٹو: فائل

ARBIL: وزارت داخلہ نے پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے صوبے میں رینجرز کی 60 روز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایپکس کمیٹی پنجاب کی جانب سے صوبے میں رینجرز کو اختیارات دینے کی سفارش کے معاملے کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت داخلہ کی جانب سے رینجرز کو پنجاب میں 60 روز کے لیے خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دی گئی جس کے مطابق رینجرز پنجاب ہوم ڈپارٹمنٹ کی ہدایت پر صوبے میں مخصوص مقامات پر کارروائی کرسکے گی اور رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف رینجرز سے مدد لینے کا فیصلہ

وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مضبوط اعصاب اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے صوبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی پر سختی سے کاربند اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز دہشت گردوں کے خلاف پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرے گی اور دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جہاں بھی ہوں گے تعاقب کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پنجاب میں رینجرزکے آپریشن کی کوئی ضرورت نہیں

دوسری جانب وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے 5 ونگ تعینات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سانحہ لاہور اور پھر سہون میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد پنجاب میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف رینجرز آپریشن کا مطالبہ کیا جا رہا تھا جس کی دو روز قبل پنجاب حکومت نے منظوری دی تھی اور گزشتہ روز پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی سمری پر گورنر سندھ محمد رفیق رجوانہ نے بھی دستخط کر دیئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |