پاک فوج کا ملک بھر میں آپریشن ’’رد الفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان

آپریشن کا مقصددہشتگردی کا خاتمہ ہےجبکہ ملک کو دھماکا خیزمواد اورغیر قانونی اسلحہ سےبھی پاک کیا جائےگا، ترجمان پاک فوج


ویب ڈیسک February 22, 2017
آپریشن کا مقصددہشتگردی کا خاتمہ ہےجبکہ ملک کو دھماکا خیزمواد اورغیر قانونی اسلحہ سےبھی پاک کیا جائےگا، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛ فائل

پاک فوج نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ملک بھر میں ''رد الفساد'' کے نام سے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔




پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاک فوج کا اعلیٰ سطح کا اجلاس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہوا جس میں پنجاب بھر کے کور کمانڈرز اور ڈی جی رینجرز نے شرکت کی۔






ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج نے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف ''رد الفساد'' کے نام سے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، آپریشن کا مقصد بلا تفریق دہشت گردی کا خاتمہ ہے اور اس میں دہشت گردی کو بلا امتیاز جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پنجاب میں 60 روز کیلیے رینجرز کی تعیناتی کی منظوری





ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہے جس کا اہم مقصد نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہے، آپریشن میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ اور سول آرمڈ فورسز سمیت دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی شریک ہوں گے، ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے تمام ادارے معاونت کریں گے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ آپریشن کا مقصد اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے جب کہ آپریشن سے سرحدوں پر سیکیورٹی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔



آئی ایس پی آر کے مطابق بلا امتیاز آپریشن سے ملک میں شدت پسندی اور دہشت گردی کے خطرے کو ختم کیا جائے گا، ملک کو دھماکا خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ سے بھی پاک کیا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں انسدا دہشت گردی آپریشن بھی جاری رکھے جائیں گے جب کہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی کے لیے رینجرز بڑے پیمانے پر کاروائی کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔