ٹرمپ کے سر پر ایٹمی ہتھیاروں کا بھوت سوار

امریکا کے ایٹمی ہتھیاروں کو دنیا میں سب سے زیادہ جدید، بہتر اور طاقتور بنائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ ایٹمی اسلحے کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گیا ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ امریکی ایٹمی ہتھیار باقی سب سے بہتر ہوں۔ (فوٹو: فائل)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ایٹمی ہتھیاروں کو دنیا میں سب سے زیادہ جدید، بہتر اور طاقتور بنائیں گے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگرچہ دنیا میں کسی ملک کے پاس بھی ایٹمی اسلحہ نہیں ہونا چاہئے لیکن اس وقت دوسرے ملک ایٹمی ہتھیار بنارہے ہیں اور امریکا اس میدان میں بہت پیچھے رہ گیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ امریکی ایٹمی ہتھیار باقی سب سے بہتر ہوں۔


اپنے انٹرویو میں انہوں نے روس کی جانب سے کروز میزائلوں کی خفیہ تنصیب کو اس بارے میں عالمی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ان کی ملاقات ہوئی تو وہ اس معاملے پر ان سے ضرور بات کریں گے۔

شمالی کوریا کے میزائل اور ایٹمی تجربات پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف تھا کہ اگر چین چاہے تو اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے شمالی کوریا پر ہتھیاروں کے تجربات روکنے کےلیے دباؤ ڈال سکتا ہے اور عالمی خطرات آسانی سے دور کرسکتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: شمالی کوریا کا بین البراعظمی میزائل کا تجربہ کرنے کا اعلان
واضح رہے اس وقت بھی امریکا کے پاس کم از کم 6800 اور روس کے پاس تقریباً 7000 ایٹمی ہتھیار ہیں جن کی تعداد دنیا کے دوسرے ممالک کے پاس موجود ایٹمی ہتھیاروں سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔ صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ امریکہ کو اتنے زیادہ ایٹمی ہتھیار بنانے چاہئیں کہ دنیا کے ہوش ٹھکانے آجائیں، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Load Next Story