شام میں فوجی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ 7 اہلکاروں سمیت 41 افراد ہلاک

کار سوار حملہ آور نے گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی جس سے دھماکا ہوا، مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں، انسانی حقوق تنظیم


ویب ڈیسک February 24, 2017
کار سوار حملہ آور نے گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی جس سے دھماکا ہوا، مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں، انسانی حقوق تنظیم، فوٹو؛ فائل

شام کے مغربی علاقے الباب میں فوجی چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں 7 اہلکاروں سمیت 41 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیم سیریئن آبزرویٹری کے مطابق گزشتہ روز ترک فورسز اور ان کے اتحادیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ الباب کو کالعدم شدت پسند تنظیم داعش سے خالی کرالیا گیا ہے اور عوام دوبارہ اپنے قصبے میں واپس جا سکتے ہیں جس کے بعد شہری الباب واپسی کی اجازت طلب کرنے کے لیے فری سئیرین آرمی کے چیکنگ پوائنٹ پر کھڑے تھے کہ ایک کار چیک پوسٹ سے ٹکرائی اور انتہائی زور دار دھماکا ہوگیا، دھماکے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی جب کہ اس کے نتیجے میں 7 اہلکاروں سمیت 31 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، دھماکے کے دیگر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 10 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شام، جھڑپیں، بمباری، 5 ترک فوجیوں سمیت 14 افراد ہلاک

انسانی حقوق تنظیم کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے جب کہ دھماکے سے سیکیورٹی چیک پوسٹ بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ سیئرین آبزویٹری کے مطابق قصبے الباب میں صرف ایک ہفتے کے دوران 38 بچوں سمیت 127 عام شہری ہلاک ہوچکے ہیں اور کالعدم شدت پسند تنظیم داعش کے دہشت گردوں نے ہزاروں عام شہریوں کو ڈھال کے طور پر الباب میں ہی روک رکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں