شہبازشریف نے پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی کیلیے تجاویز طلب کرلیں

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا


ویب ڈیسک February 24, 2017
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، فوٹو؛ فائل

پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے پر سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید تجاویز طلب کرلیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پی ایس ایل فائنل کیلیے سیکیورٹی خدشات ہیں، شہریار خان

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے سے متعلق سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں فائنل کے لیے سیکیورٹی پلان پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا تاہم شہبازشریف نے فائنل میں بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مزید تجاویز طلب کرلی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں ؛ غیرملکی کرکٹرز کومزید اضافی رقم کی پیشکش

دوسری جانب وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف آج پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں فائنل سے متعلق حتمی منظوری دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے فائنل میچ کی سیکیورٹی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تجاویز طلب کی ہیں، آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ کو حتمی پلان سے آگاہ کیا ہے اور انٹیلی جنس اداروں نے بھی سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کردیا ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پی ایس ایل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں تاہم کرکٹرز کی سیکیورٹی وزیراعظم کے برابر ہوگی، میچ سے پہلے اور دوران فضائی نگرانی بھی ہوگی جب کہ فائنل کے لیے پولیس اور رینجرز سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کی نوید سنائی تھی تاہم ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر اور خصوصاً لاہور دھماکے کے بعد پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروانا سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے جب کہ آرمی چیف کی جانب سے فائنل کی سیکیورٹی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ غیرملکی کھلاڑیوں کا پی ایس ایل فائنل لاہور میں کھیلنے سے انکار

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی لیکن لاہور دھماکے کے بعد غیرملکیوں کھلاڑیوں کو اضافی رقم کی بھی پیش کش کی گئی لیکن انہوں نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تاہم پی سی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ 50 سے زائد غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں