سرکلر ریلوے کیلئے جنرل سیلز ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹی معاف کرنیکی درخواست

وزارت ریلوے اور جائیکا کی ایف بی آر سے درخواست، منصوبے کیلیے امپورٹ ڈیوٹی کی چھوٹ دیدی جائے، جاپانی سفارت کار


Syed Ashraf Ali January 08, 2013
جاپانی سفارتکار نے بھی حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ سوشل سیکٹر پروجیکٹ کیلیے جی ایس ٹی اور امپورٹ ڈیوٹی کی چھوٹ دیدی جائے۔ فوٹو: فائل

وزارت ریلوے اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جائیکا) نے ایف بی آر سے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کیلیے جنرل سیلز ٹیکس اور درآمدی ٹیکس مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کردی ہے۔

جاپانی سفارتکار نے بھی حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ سوشل سیکٹر پروجیکٹ کیلیے جی ایس ٹی اور امپورٹ ڈیوٹی کی چھوٹ دیدی جائے، تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے اور جائیکا نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کیلیے ایف بی آر سے درخواست کی ہے کہ منصوبے کے مالی امور آسان بنانے کیلیے 16فیصد جنرل سیلز ٹیکس اور کے سی آر کیلیے درآمد ہونے والے ٹریک، کوچز اور دیگر مشینری پر عائد 7فیصد درآمدی ٹیکس بھی منہا کردیے جائیں، کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت جاپان کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے پر عملدرآمد کیلیے سنجیدہ ہے۔



اس منصوبے کیلیے جاپان کی جانب سے انتہائی آسان شرائط پر 2.609 ارب ڈالر قرض دیگی جس پر شرح سود انتہائی کم 0.26ہے، جاپانی سفارکار نے بھی حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو جنرل سیلز ٹیکس اور درآمدی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ منظور کرتے ہوئے ری لینڈنگ چارجز 8.2فیصد معاف کردیے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ اگر ایف بی آر کی جانب سے جی ایس ٹی اور درآمدی ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہوگئی تو منصوبہ پر 500ملین یو ایس ڈالر کی بچت ہوگی جو پاکستانی کرنسی میں 4ارب 70 کروڑ سے زائد بنتی ہے، ذرائع نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی اسٹیڈیز تقریباً مکمل ہوچکی ہیں، اب مالی امور طے کرنا باقی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔