جھوٹے وعدوں کے باوجود پاکستان کو بنگلہ دیش پر یقین

سیریز ابھی منسوخ نہیں ہوئی، ممکنہ تاریخوں پر بات چیت جاری ہے، ذکا اشرف


Sports Reporter January 08, 2013
بھارتی کرکٹ ٹیم کے جوابی دورے پر ابھی کوئی باضابطہ پیش رفت نہیں ہوئی، ذکا اشرف فوٹو: فائل

بنگلہ دیش کے کئی وعدے جھوٹے ثابت ہونے کے باوجود پی سی بی کو اب بھی ٹائیگرز کے دورئہ پاکستان کا یقین ہے۔

چیئرمین ذکااشرف نے کہا کہ سیریز ابھی منسوخ نہیں ہوئی، ممکنہ تاریخوں پر بات چیت جاری ہے، بھارتی ٹیم کے جوابی دورے پر ابھی کوئی باضابطہ پیش رفت نہیں ہوئی، جب بھی مقابلے ہوئے مہمان کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کئی بار پاکستان سے وعدہ کرنے کے باوجود ٹیم کو بھیجنے پر تیار نہیں، اس کے باوجود پی سی بی بدستور یہ امید رکھتا ہے کہ ٹائیگرز ضرور سیریز کھیلنے آئیں گے، قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ذکا اشرف نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش کا دورہ منسوخ نہیں ہوا، کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن میری دعوت پر پاک بھارت ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ دیکھنے نئی دہلی آئے تھے۔



اس دوران ہمارے درمیان مثبت بات چیت ہوئی، بنگال ٹائیگرز کا دورہ مناسب تاریخیں نہ ملنے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، امید ہے کہ جلد ہی کوئی مثبت پیش رفت ہوگی، انھوں نے کہا کہ بی پی ایل میں کرکٹرز کو بھجوانے کا فیصلہ اپنا انٹرنیشنل شیڈول اور دیگر مصروفیات دیکھ کر کرینگے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے دورئہ پاکستان کو آسٹریلیا کے ٹور سے مشروط کرنے کی میڈیا رپورٹس پر انھوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کی جانب سے یہ بات مذاق میں کی گئی ہوگی۔

جوابی دورہ کے حوالے سے کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی، بی سی سی آئی کے ساتھ اچھے تعلقات پروان چڑھ رہے ہیں، امید ہے کہ جب بھی باقاعدہ کوششوں کا سلسلہ شروع ہوگا مثبت نتائج برآمد ہونگے اور ٹیم پاکستان کا دورہ کریگی، جب کبھی مقابلے ہوئے مہمان کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں