گھر کے شیر اپنے ہی گھر میں ڈھیر بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست

میزبان ٹیم 441 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 107 پر ڈھیر ہو گئی

لیفٹ آرم اسپنر اوکیف نے دوسری اننگز میں بھی 35 رنز دے کر 6  کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کرمجموعی طور پر 12وکٹیں حاصل کیں : فوٹو : رائٹرز

ٹیسٹ کی عالمی نمبر ون بھارت کو 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے 333 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔

مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کا تیسرے روز ہی فیصلہ ہو گیا۔ آسٹریلیا نے کپتان اسٹیون اسمتھ کی سنچری کی بدولت دوسری اننگز میں 285 رنز اسکور کرتے ہوئے بھارت کو میچ میں فتح کیلیے 441 رنز کا ہدف دیا۔ کینگروز کیلیے بچھائے اسپن جال میں میزبان ٹیم خود ہی الجھ کر منہ کے بل گر پڑی، کوئی بیٹسمین اسٹیف اوکیف اور ناتھن لیون کا سامنا نہ کر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ 7 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، چتیشور پجارا 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے اور پوری بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 441 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 107 پر ڈھیر ہو گئی اورآسٹریلیا نے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بھارت کو اسی کی سرزمین پر 333 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پونے ٹیسٹ میں بھارت 105 پرڈھیر


اسپنر اسٹیو اوکیف میزبان ٹیم کیلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے لیفٹ آرم اسپنر اوکیف نے دوسری اننگز میں بھی 35 رنز دے کر 6 ہی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور مجموعی طور پر 12 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ناتھن لیون نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پوری بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 260 رنز کے جواب میں 105 رنز ہی بنا پائی تھی جب کہ آخری7 وکٹیں مجموعے میں صرف 11 رنز کا اضافہ کر سکی تھیں۔ اسٹیو اوکیف نے 35 رنز کے عوض 6 شکار کیے تھے، مچل اسٹارک نے 2 جب کہ جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

 
Load Next Story