آپریشن رد الفساد کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک 600 مشکوک افراد زیرحراست

آپریشن میں کالعدم جماعت الاحرارکےکئی سہولت کاروں کوگرفتارکیاگیا،آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک February 25, 2017
آپریشن کے دوران کالعدم جماعت الاحرار کے کئی سہولت کاروں اورافغان باشندوں سمیت 600 مشتبہ افرادکو گرفتارکیاگیا،آئی ایس پی آر، فوٹو؛ فائل

پاک فوج نے آپریشن 'رد الفساد' میں مزید 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ آپریشن کے دوران کالعدم جماعت الاحرارکے کئی سہولت کاروں سمیت 600 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔



پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھرمیں آپریشن ''رد الفساد'' جاری ہے جس میں تازہ کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،آپریشن رد الفساد کے تحت پنجاب رینجرزنے کہروڑ، لیہ، راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں 200 سرچ آپریشن کیے ، مشتبہ مکانات، مدارس اور دکانوںکی تلاشی لی گئی ، افغان باشندوں سمیت600 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ آپریشن میں کالعدم جماعت الاحرارکے بھی کئی سہولت کار پکڑے گئے.,کارروائیوں کے دوران پشاور، لاہور، بھکر، چارسدہ، صوابی اورمردان سے ممنوعہ جہادی مٹیریل اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔



لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کر نیوالے اداروں کی جانب سے سر چ آپر یشن کے دوران 42مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا، ہفتے کوایس پی سول لائن علی رضا، ایس پی ماڈل ٹاؤن اسماعیل کھاڑک، ایس پی کینٹ رانا طاہر رحمان اور سرکل افسران، ایس ایچ اوز سمیت پولیس کی بھاری نفری نے جنوبی چھاؤنی، شمالی چھاونی، اچھرہ، نشتر کالونی، کاہنہ، راوی روڈ ،لوئر مال ،بند روڈ ،پٹھان کالونی ،شفیق آباد ،مزنگ ،مال روڈ ،ہر بنس پورہ ،مغلپورہ ،گرین ٹاؤن ،ٹاؤن شپ ،ٹھوکر نیاز بیگ ،سمیت دیگر علاقوں میں مشکوک افراد کے کوائف چیک کیے اور بائیو میٹرک مشینوں سے تصدئق کی، رات گئے پولیس نے قذافی اسٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں میں ناکہ بندی بھی کیے رکھی۔



بھکر میں پولیس نے 2 اشتہاریوں سمیت 34 افراد گرفتار کیے جبکہ چینوٹ میں اسلحہ اور منشیات ملنے پر5مشکوک افراد کوحراست میں لیا گیا۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے رینجرز اور پولیس نے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر7مشکوک افراد کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا،قاسم آباد میں ڈور ٹو ڈور تلاشی لی گئی ،یہاں سے3مشتبہ افغانی باشندوں کو اسلحہ اور لاکھوں مالیت کی افغانی کرنسی سمیت حراست میں لیا گیا، برٹش ہوم،پیرودہائی کے علاقے سے 4افراد کو گرفتار کر کے کلاشنکوفیں اور رائفلیں برآمد کر لی گئیں.

اس خبر کو بھی پڑھیں :پاک فوج کا ملک بھر میں آپریشن ''رد الفساد'' شروع کرنے کا اعلان

سی ٹی ڈی نے ساہیوال میں بیرونی اڈہ لاریاں سے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص پراسرار سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تھا ،سی ٹی ڈی کے ذرائع نے گرفتار شخص کا نام بتانے سے گریز کی۔ حساس اداروں نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بارود لانے والے 2 ٹرک ڈرائیوروں کو صادق آباد کے علاقہ سونا چوک سے گرفتار کر لیا،ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کو ملزمان سخی بادشاہ اور رسول نواز بارود پاکستان لاتے اور مبینہ طور پر دہشت گردوں کو فراہم کرتے تھے ۔ ضلع رحیم یار خان بھر میں پولیس اور حساس اداروں کا کومبنگ آپریشن جاری جاری ہے، مزید 30 مشتبہ افغان شہریوں کو گرفتارکرلیا گیا، خان پور سے بھی درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔



سرگودھا، جوہرآباد، قائدآباد اور میانوالی سے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا انڈسٹریل ایریا سرگودھا میں کومبنگ آپریشن کے دوران 500 سے زائد افرادکی بائیومیٹرک چھان بین کی گئی، 5افراد سے ناجائز اسلحہ اورایک سے شراب کی150بوتلیں برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے گئے، قائدآباد پولسک نے 25مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا،ہرنولی اورپپلاں میں بھی 163گھروں کوسرچ کیاگیا،105 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ، خوشاب پولیس نے 60افرادکو گرفتارکر کے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمدکرلیا۔



سیالکوٹ تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ میں حساس اداروں اور پولیس نے مشتبہ افراد کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 10سے زائد افراد کو گرفتار کر کے تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، صدر پنڈی بھٹیاں اور دیگر علاقوں سیت 78مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، 51 کو کوائف کی تصدیق کے بعد رہا کردیاگیا گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بہت بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔



پشاور میں پولیس نے سٹی، کینٹ اور تہکال بالا میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن کیا اور 80مشکوک افراد گرفتار کر کے مختلف بور کا اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیں، کرایہ داری ایکٹ پر بھی20 افراد کو حراست میں لیا گیا، چارسدہ سے 20 ، مردان سے 27 اور صوابی سے 3مشتبہ سہولت کاروں سمیت 78 افراد گرفتار ہوئے۔ ہنگو کے علاقے ٹل میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے نصب شدہ 2 بم تلف کردیے جبکہ پولیس نے کارروائی کر کے 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ بنوں میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سڑک پر نصب6کلووزنی بم کو ناکارہ بنادیا۔ کوئٹہ میں پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے 12 افراد کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ان کے پاس شناختی کارڈ نہیں تھے، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ پولیس کوئٹہ کے تمام ہوٹلوں، سرائے ، ہاسٹلز میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں