داعش کا خاتمہ کریں گے سعودی عرب اور عراق کا اعلان

سعودی وزیر خارجہ کا 2003 کے بعد پہلی مرتبہ بغداد کا دورہ، ہم منصب اور عراقی وزیراعظم سے ملاقات

عراقی فضائیہ کے طیاروں نے شام میں پہلی مرتبہ داعش کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ فوٹو: اے ایف پی

RAJANPUR:
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر 2003 کے بعد پہلی مرتبہ عراقی دارالحکومت بغداد پہنچ گئے۔ بغداد پہنچنے کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے عراقی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے استقبال کیا۔ سعودی وزیرخارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک میں منجمد تعلقات کی بحالی کیلیے اہم کردار ادا کرے گا۔ مذاکرات میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون اور داعش کیخلاف متحد ہوکر لڑنے پر اتفاق کیا ہے۔

عادل الجبیر نے اپنے عراقی ہم منصب سے بھی ملاقات کی ہے جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عراقی سرکاری حکام نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ ماضی سے بہتر تعلقات کی راہ کھولے گا۔ یاد رہے کہ 2003 کے بعد کسی سعودی وزیرخارجہ کا یہ پہلا عراقی دورہ ہے۔


سعودی وزیر خارجہ نے داعش کیخلاف کامیابی پر عراقی حکومت کو مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں عراق کی حمایت جاری رکھے گی۔

ادھر عراقی فضائیہ کے طیاروں نے شام میں پہلی مرتبہ داعش کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ اردن کی سرحد کے قریب شدت پسند تنظیم داعش نے گھات لگا کر 15عراقی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔

دوسری جانب داعش کے خلاف آپریشن کے دوران عراقی فورسز مغربی موصل کے وسط تک پہنچ گئی ہیں، شدید لڑائی کے باعث ہزاروں شہری انخلا پر مجبور ہوگئے ہیں جب کہ مغربی موصل میں لڑائی کے دوران ایک کرد ٹی وی کا رپورٹر مارا گیا ہے۔
Load Next Story