کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو شکست دیکر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کا 124 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔


ویب ڈیسک February 26, 2017
کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کا 124 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائٹڈ کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے جب کہ کراچی کنگز نے ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے پی ایس ایل کے اگلے مرحلے کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔ کراچی کنگزکی کامیابی کے ساتھ ہی لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ کراچی کنگز کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں کرس گیل اور بابر اعظم نے جارحانہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 64 رنز جوڑے جس میں کرس گیل کے5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 44 رنز شامل تھے۔

کرس گیل کے آؤٹ ہونے کے بعد 80 کے مجموعی اسکور پر کپتان کمار سنگارا 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ شعیب ملک صرف 7 اور بابراعظم 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کیون پولارڈ نے 20 اور روی بوپارا نے 11 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3 اور سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر کرس گیل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائٹیڈ کو بیٹنگ دعوت دی تو مصباح الیون کی جانب سے ڈائن اسمتھ اور بین ڈکیٹ نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں اوپنرز نے محتاط انداز میں کھیل آغاز کیا لیکن 37 کے مجموعی اسکور پر ڈائن اسمتھ سہیل خان کی گیند پر پولارڈ کو کیچ دے بیٹھے جب کہ حسین طلعت بھی 11 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد کے جارح مزاج کھلاڑی شین واٹسن 2 رنز بناکر سہیل خان کا شکار بنےاور بریڈ ہیڈن 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئےجب کہ ڈائن اسمتھ نے ایک رنز کی کمی کے ساتھ ففٹی نہ بناسکے اور عثمان خان کی گیند پر پولارڈ کوکیچ تھما بیٹھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان 9 اور مصباح الحق 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر،سہیل خان اور عثمان خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ میچ میں کنگز کے پولارڈ نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کیچز کیے۔

پلے آف مرحلے کا پہلا میچ 28 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا جب کہ دوسرا پلے آف میچ اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کے درمیان یکم مارچ کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں