ٹرمپ کے حامیوں کا ’’ہالی ووڈ اشرافیہ‘‘ کے خلاف مظاہرہ

آسکر ایوارڈ کے موقعے پر امریکی صدر کے حامیوں نے ’ہالی ووڈ اشرافیہ‘ کے خلاف مظاہرہ کیا اور ٹرمپ کے حق میں نعرے لگائے۔


ویب ڈیسک February 27, 2017
آسکر ایوارڈ کے موقعے پر امریکی صدر کے حامیوں نے ’ہالی ووڈ اشرافیہ‘ کے خلاف مظاہرہ کیا اور ٹرمپ کے حق میں نعرے لگائے۔ (فوٹو: فائل)

آسکر ایوارڈ کے موقعے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے 'ہالی ووڈ اشرافیہ' کے خلاف مظاہرہ کیا اور ٹرمپ کے حق میں نعرے لگائے۔

ڈولبی تھیٹر سے کچھ فاصلے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے درجن بھر حامیوں نے امریکی فلم انڈسٹری کے خلاف مظاہرہ کیا اور کہا کہ مشہور اداکار عام امریکیوں کی نمائندگی نہیں کرتے۔ مظاہرے کے شرکاء نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں اور ہالی ووڈ فلم سازوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

اس مظاہرے کی دعوت فیس بُک پر سان فرنانڈو ویلی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک حامی گروپ نے دی تھی جس کا کہنا ہے کہ ہالی ووڈ، امریکا کو تقسیم کررہا ہے جب کہ مشہور اداکاروں کو آسکر ایوارڈز جیسا بڑا پلیٹ فارم ٹرمپ کے خلاف ذاتی رائے کے اظہار کےلیے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔

اس گروپ کی طرف سے جاری کیے گئے عوامی دعوت نامے میں ہالی ووڈ پر ''دوغلے معیار'' کا الزام بھی لگایا گیا اور کئی مشہور اداکاراؤں پر نام بہ نام تنقید بھی کی گئی۔



مظاہرے کے شرکا نے سرخ ٹوپیاں پہنی ہوئی تھیں جن پر ''امریکا کو دوبارہ عظیم بناؤ'' لکھا تھا جب کہ پلے کارڈز پر ''ہالی ووڈ ہمیں تقسیم نہ کر'' جیسی عبارتیں تھیں۔ جب بھی ان کے قریب سے ہالی ووڈ کی کسی مشہور شخصیت کی گاڑی گزرتی تو وہ زوردار نعرے بلند کرکے اسے اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرتے۔

اس دوران دلچسپ صورتِ حال تب پیدا ہوگئی جب ٹرمپ کی حامی خاتون اور گزرتی ہوئی ایک لڑکی آپس میں الجھ پڑیں اور دونوں نے ایک دوسرے پر گالیوں، گھونسوں اور لاتوں کی برسات کردی جب کہ پولیس نے ان دونوں کو گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں