پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا

ایونٹ کا فائنل 5 مارچ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا


ویب ڈیسک February 27, 2017
وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانے کی اجازت دے دی. فوٹو؛ فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانے کی اجازت دے دی جس کے بعد فائنل 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف كی زیر صدارت صوبائی كابینہ كمیٹی برائے امن وامان كا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا رانا ثناءاللہ، كرنل (ر) ایوب گادھی، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیكریٹری، انسپكٹر جنرل پولیس، سیكرٹری داخلہ، كمشنر لاہور، سی سی پی او لاہور، قانون نافذ كرنے والے سول اداروں كے اعلیٰ حكام اور متعلقہ افسران نے شركت كی۔



اجلاس میں پاكستان سپرلیگ كا فائنل میچ لاہور میں كرانے كا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس كے دوران كابینہ كمیٹی برائے امن وامان اور دیگر صوبائی ووفاقی سیكیورٹی اداروں كی مشاورت سے سپرلیگ كا فائنل میچ لاہور میں كرانے كا فیصلہ كیا گیا۔ شہباز شریف نے تمام اداروں كی مشاورت كے بعد لاہور میں فائنل میچ كرانے كی منظوری دی۔



وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب كرتے ہوئے كہا كہ پاكستان سپرلیگ كے فائنل میچ کے لیے 100 فیصد فول پروف سیكیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ شہبازشریف نے كابینہ كمیٹی برائے امن و امان كو ہدایت كی كہ فائنل میچ كے لیے بہترین انتظامات كیے جائیں اور اس ضمن میں صوبائی كابینہ كمیٹی برائے امن و امان روزانہ كی بنیاد پر تمام سیكیورٹی اور دیگر انتظامات كا از خود جائزہ لے جب كہ میں ذاتی طور پر تمام انتظامات پر پیشرفت كا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔



شہباز شریف نے كہا كہ ملك و قوم كے بہترین مفاد میں پاكستان سپرلیگ كا فائنل میچ لاہور میں كرانے كا فیصلہ كیا گیا ہے اور میری قوم سے اپیل ہے كہ فائنل میچ كو كامیاب بنانے كے لیے حكومت كی كاوشوں كا بھرپورساتھ دے كیونكہ ہم نے مل كر فائنل میچ كو كامیاب بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میچ كو كامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے بہترین كوآرڈینیشن كا مظاہرہ كرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں اور فول پروف سیكیورٹی یقینی بنانے كے ساتھ دیگر انتظامات بھی انتہائی شاندار ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت كی كہ وضع كردہ سیكیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے اور اس ضمن میں مانیٹرنگ كا مؤثر نظام بھی وضع كیا جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:فائنل لاہور میں کرانے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال نہیں ہوسکتی، عبدالقادر



وزیر قانون رانا رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل ڈے اینڈ نائٹ ہو گا، مقابلہ شام ساڑھے چار بجے شروع ہو گا جب کہ میچ اور اختتامی تقریب رات 11 بجے تک ختم کر دی جائے گی۔



دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ آج سے فائنل میچ کی ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگی اور ٹکٹ 500 روپے سے 12 ہزار تک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے جرات اور بہادری دکھائی ہے جب کہ میڈیا کی سپورٹ کے بغیر یہ کام مکمل نہیں ہوسکتا تھا۔



نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی کامیابی کے بعد پوری دنیا کو بتائیں گے کہ ہم بلیک میل نہیں ہوں گے، دہشت گردی کو شکست دیں گے، پاکستان قوم دکھانا چاہتی ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور بنگلادیش کے کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، اللہ کرم کرے اور تمام کھلاڑی آنے کے لیے تیارہوجائیں تاہم کل دبئی جا رہا ہوں جہاں کھلاڑیوں سے بات کروں گا اگرکوئی کھلاڑی پاکستان آنے کے لیے تیار نہ ہوا تو اس کا متبادل دیکھیں گے۔



پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کی اجازت ملنے کے بعد میچ کے لیے آن لائن ٹکٹنگ آج سے شروع ہوجائے گی۔ چیرمین پی ایس ایل نے بتایا کہ ٹکٹ 500، 4 ہزار، 8 ہزار اور 12 ہزار روپے تک فروخت کی جائیں گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے ضرور جاؤں گا، شیخ رشید



قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تقریباً 25 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے جب کہ پی ایس ایل فائنل کے لیے 4 انکلوژرز عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس کی ٹکٹ 12 ہزار روپے کی فروخت کی جائے گی۔ اے ایچ کاردار، رمیز راجہ، جاوید میاں داد اورعبدالقادر انکلوژرز کی ٹکٹ 8 ہزار میں فروخت ہوگی جب کہ حنیف محمد، ماجد خان، ظہیر عباس، امتیاز احمد، سعید احمد، انضمام الحق، نذر محمد اور قائد انکلوژرزکے لیے ٹکٹ کی قیمت 4 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جنرل انکلوژز میں داخلہ فیس 500 روپے کی ہوگی اور یہ انکلوژرز سعید انور اور سرفراز نواز کے نام سے منسوب ہیں۔



پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں کون کون سے پلیئرز کھیلنے آئیں گے اس کا حتمی فیصلہ دونوں سیمی فائنلز کے اختتام پر دوبارہ سے ڈرافٹنگ کے بعد ہوگا کیوں کہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے انکار کی صورت میں دیگر کھلاڑیوں سے رابطہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے دوبارہ سے ڈرافٹنگ کی جائے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عمران خان پاکستان کے بال ٹھاکرے نہ بنیں، مریم اورنگزیب



ادھر چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور میں فائنل کرانے کے فیصلے کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بند سڑکوں اور سخت سیکیورٹی میں فائنل کروانے سے دنیا کو امن کا پیغام کیسے جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: فائنل میں آنے والوں کا اصل شناختی کارڈ بائیومیٹرک سسٹم سے چیک ہوگا، پولیس



قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں، فائنل لاہور میں ہونا اچھا اقدام ہے، فائنل کیلیے شائقین کی کھڑکی توڑ انٹری ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ پوری امید ہے شائقین بھرپور انداز میں شرکت کریں گے کیونکہ زمبابوے کے خلاف میچز میں بھی ایسے ہی ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |