پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال نہیں ہوسکتی عبدالقادر

اگر پی ایس ایل فائنل میں کوئی سانحہ ہوا تو پاکستان کسی بھی قسم کی اسپورٹس نہیں ہوسکے گی، سابق کرکٹر

اگر پی ایس ایل فائنل میں کوئی سانحہ ہوا تو پاکستان کسی بھی قسم کی اسپورٹس نہیں ہوسکے گی، سابق کرکٹر، فوٹو؛ فائل

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے لاہور میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل کرانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک فائنل میچ کروانے سے ملک میں کرکٹ بحال نہیں ہوسکتی لیکن اگر کوئی سانحہ ہوگیا تو پاکستان میں دوبارہ کسی بھی قسم کی اسپورٹس نہیں ہوسکے گی۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹرعبدالقادر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ پاگل پن سے بھی بڑا فیصلہ ہے کیوں کہ دہشت گردی میں اتنی ہلاکتوں کے بعد یہ فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے جب کہ دہشت گرد اتنے منظم ہیں کہ انہوں نے پشاور کے بچوں، کالج کے طالب علموں، ایئرپورٹ میں مسافروں سمیت قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو بھی نہیں چھوڑا بلکہ وہ جیلوں سے بھی بندے اپنے چھڑوا کر لے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لاہوریوں کو توپوں کے سامنے کھڑا کررہے ہیں، اگر کوئی سانحہ ہوگیا اور 20 سے 30 ہزار لوگوں کو کچھ ہوگیا یا کسی ایک انٹرنیشنل کھلاڑی کو کچھ ہوگیا تو پھر نجم سیٹھی تو صرف اتنا کہیں گے کہ مجھے پھانسی پر چڑھا دو۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا

عبدالقادر نے کہا کہ لاہور میں ایک فائنل میچ کرانے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال نہیں ہوسکتی لیکن دوبارہ اگر کوئی سانحہ ہوگیا تو پاکستان میں دوبارہ کسی بھی قسم کی اسپورٹس نہیں ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہمیں اپنے ملک میں ایسے حالات پیدا کرنے چاہئیں جہاں دہشت گردی کا نام ونشان نہ ہو، ملک میں خوشحالی آئے اور لوگ ایک دوسرے کی جیبیں کاٹنے کے بجائے محبت سے ملیں، اس کے بعد ایسے میچز کا انعقاد ہونا چاہیے اور ایک میچ کرانے سے کچھ نہیں ہونے والا باقائدہ سیریز کا انعقاد کیا جانا چاہیے۔


سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ حالات درست ہوجانے کے بعد صرف لاہور نہیں بلکہ کراچی، فیصل آباد، اسلام آباد، پشاور سمیت تمام بڑے شہروں میں میچز کرائے جاسکتے ہیں لیکن اس طرح جذباتی فیصلوں سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا کیوں کہ اس فیصلے میں صرف خودنمائی کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانے کا آئیڈیا ''پاگل پن'' ہے،عمران خان

دوسری جانب اسپورٹس جرنلسٹ مرزا اقبال بیگ نے کہا کہ 3 گھنٹے کا میچ کرا کر ملک میں کرکٹ کی بحالی کی توقع نہیں کی جاسکتی جب کہ کسی بھی سانحے کی صورت میں مزید نقصان ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان سپرلیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کیا ہے جسے بعض شخصیات کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

Load Next Story