کراچی میں انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری ہے تاہم حساس علاقوں میں سیکیورٹی کے پیش نظر آج بھی مہم شروع نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے ہزاروں بچوں کا انسداد پولیو کی ویکسینیشن سے محروم رہ جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
کراچی میں جاری دو روزہ انسدادپولیو مہم کے لئے 542 خصوصی ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو رینجرز اور پولیس کی نگرانی میں گھر گھر جاکر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن کررہی ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق انسداد پولیو مہم کے تحت شہر میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 10 ہزار 729 بچوں کی ویکسینیشن کی جائےگی، تاہم بعض حساس علاقوں میں سیکیورٹی کے پیش نظر دوسرے روز بھی مہم کا آغاز نہیں ہوسکا جس کے باعث ہزاروں بچوں کا انسداد پولیو کی ویکسینیشن سے محروم رہ جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم اس وقت دہشت گردی کی نذرہوگئی تھی جب میں کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شر پسندوں کے حملوں میں متعدد رضاکار جاں بحق کردیئے گئے تھے۔