پختونوں کو پنجاب میں رہنے کا پورا حق حاصل ہے رانا ثنااللہ

سندھ اورخیبرپختونخوا میں بعض نام نہاد سیاسی جماعتیں اور ان کےرہنما پنجاب کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں، صوبائی وزیر قانون

سندھ اور خیبرپختون خوا کے ہر معاملے کو پنجاب سے جوڑنا نا اہلی کی سیاست ہے، صوبائی وزیرقانون : فوٹو : فائل

KARACHI:
وزیر قانون پنجاب راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ پختون ہمارے بھائی ہیں اور انہیں پنجاب میں رہنے کا پورا حق حاصل ہے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنجاب کے وزیرقانون کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبرپختون خوا میں بعض نام نہاد سیاسی لیڈر پنجاب کے خلاف نفرت پھیلا رہےہیں اور پنجاب کی ترقی کے خوف سے اپنی نااہلی چھپانا چاہتے ہیں اوراسی نااہلی کی سیاست کے باعث سندھ اورخیبرپختونخوا میں ہر معاملے کو پنجاب کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے، پی ٹی آئی کے پی میں اور پیپلزپارٹی سندھ میں منفی سیاست کررہی ہے اور دونوں ہی جماعتیں کرپشن کے باعث اعتماد کھو بیٹھی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانے کا آئیڈیا ''پاگل پن'' ہے

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان میں ہیں، ہم سب کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے، پوری قوم کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہو اس فیصلے کو پاگل پن کہنا عمران خان کا اپنا پاگل پن ہے۔ ہم لاہور میں کسی بھی ناخوشگور واقعے سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، پی ایس ایل فائنل کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی۔


اس خبرکوبھی پڑھیں:تحریک انصاف کے لوگ شیطان صفت اور جھوٹے الزام لگاتے ہیں

پنجاب میں پولیس کی جانب سے پختونوں کی پکڑ دھکڑ پر وزیرقانون کا کہنا تھا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پولیس کی مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے، آپریشن رد الفساد اور کومبنگ آپریشن میں شہریوں کومشکلات پرمعذرت خواہ ہیں کوشش کی جائے گی کہ چاردیواری کےتحفظ کوملحوظ خاطررکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشیر وزیراعظم امیر مقام نے وزیراعلی ٰپنجاب سے ملاقات کی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے امیرمقام کو یقین دلایا ہے کہ پنجاب میں آباد پختون ہمارے بھائی ہیں، پختونوں کے تحفظات سے متعلق امیرمقام کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، یہ کمیٹی پنجاب میں مقیم پختونوں کے کوائف کی جانچ پڑتال کے دوران شکایت کا ازالہ کرے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا

Load Next Story