بھارتی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دینے کے لئے بی سی سی آئی نے جیوری کو مجبور کیا تھا۔
بھارتی نیوز چینل ہیڈ لائنز ٹو ڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر رکن نے پاک بھارت تیسرے ون ڈے میچ میں مین آف دی میچ کے ایوارڈ کے لئے مہندرا سنگھ دھونی کو نامزد کرنے پر مجبور کیا۔ اس موقع پر مین دی میچ کا فیصلہ کرنے والی جیوری کے باقی اراکین نے اس نامزدگی پر اعتراض کیا لیکن جیوری کے بااثر ممبر نے اس فیصلے پر خاموشی اختیار کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس میچ میں پاکستانی اسپن باؤلر سعید اجمل اس میچ میں مین آف دی میچ کے لئے مضبوط امیدوار تھے اور بھارتی آل راؤنڈر روندرا جدیجہ کی کارکردگی بھی دھونی سے اچھی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت پہلے ون ڈے میچ میں بھی پاکستانی اوپنر ناصر جمشید مین آف دی میچ کے حق دار تھے مگر تب بھی کرکٹ بورڈ کے دباؤ پر دھونی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔